’کورونا کیپٹل‘ مہاراشٹر میں کورونا پازیٹو پولس اہلکاروں کی تعداد 1000 کے پار
مہاراشٹر میں اب تک کورونا کی زد میں آ چکے 113 پولس اہلکار علاج کے بعد پوری طرح صحت مند ہو کر گھر واپس جا چکے ہیں جب کہ 7 پولس اہلکاروں کی اس انفیکشن کی وجہ سے موت ہو گئی ہے۔
ہندوستان میں مہاراشٹر کورونا سے متاثر ریاستوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے اور یہاں پولس اہلکاروں میں لگاتار کورونا پازیٹو معاملے بڑھتے جا رہے ہیں جو تشویش ناک ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق مہاراشٹر میں مجموعی طور پر کورونا پازیٹو پائے گئے پولس اہلکاروں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل 'اے بی پی' کی ایک رپورٹ کے مطابق اب تک مہاراشٹر میں 1007 پولس افسران و ملازمین کووڈ-19 کی زد میں آ چکے ہیں، حالانکہ 113 پولس اہلکار پوری طرح صحت مند ہو کر اسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملائم سنگھ یادو 24 گھنٹے کے اندر دوسری بار اسپتال میں داخل
موصولہ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر میں اب تک 7 پولس اہلکاروں کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت بھی ہو گئی ہے جو کہ ہندوستان کی کسی دیگر ریاست کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مہاراشٹر پولس میں ایک خوف کا عالم بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ چونکہ عوام کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے پولس محکمہ پوری طرح سے مستعد ہے اور اپنی ڈیوٹی کو انجام دینے میں کوئی کوتاہی نہیں کر رہا ہے، اس لیے پولس عملہ میں کورونا کے معاملے زیادہ دیکھنے کو بھی مل رہے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ پولس افسران اور ملازمین حفاظت کا پورا دھیان دے رہے ہیں اور ہر طرح سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کورونا انفیکشن ایک شخص سے دوسرے شخص میں نہ پھیلے اور خصوصی طور سے پولس و طبی اہلکاروں کو اس سے محفوظ رکھا جائے، لیکن کسی نہ کسی طرح سے ان کے درمیان بھی انفیکشن پھیل رہا ہے جس کی خبریں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 May 2020, 3:11 PM