’ہماری زندگی کا مذاق بنا دیا ہے‘، انڈیگو کی فلائٹ میں اے سی فیل ہونے پر ناراض ہوئے مسافر، دیکھیں ویڈیو
انڈیگو طیارہ میں اُمس اور گرمی سے جب سبھی مسافر بے حال ہو گئے تو ان کا غصہ ایئرلائنس عملہ کے اراکین پر پھوٹ پڑا، ایک شخص نے کہا کہ ’’ہمارا دماغ خراب ہے جو ہم اے سی کو بار بار ٹھیک کرانے کہہ رہے ہیں۔‘‘
انڈیگو ایئرلائنس کے ایک طیارہ میں پرواز بھرنے کے بعد اے سی نہیں چلنے سے ہنگامہ برپا ہونے کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ اس واقعہ کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو رہی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کے عملہ پر مسافر ناراض ہو رہے ہیں اور اے سی نہ چلنے سے گھٹن کی شکایت کر رہے ہیں۔
دراصل طیارہ دہلی سے وارانسی کے لیے پرواز بھرنے والا تھا، لیکن اے سی کام نہیں کر رہا تھا۔ مسافروں نے فلائٹ کے ٹیک آف کرنے سے قبل ہی ایئرلائنس کے اہلکاروں سے اس کی شکایت کی تھی، لیکن اس کے بعد بھی اے سی کو درست نہیں کرایا گیا اور پورے سفر کے دوران مسافروں کو سانس لینے میں دقت ہوئی۔
ویڈیوز میں لوگوں کی ناراضگی اور ان کے ایئرلائنس اسٹاف کے ساتھ ہوئی بحث کو دیکھا جا سکتا ہے۔ بعد میں وارانسی پہنچ کر بھی مسافروں نے ایئرلائنس اتھارٹی سے اس کی شکایت کی۔ اس طیارہ میں سفر کرنے والے مسافروں کا الزام ہے کہ انتظامیہ سے شکایت کے بعد بھی کسی طرح کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ طیارہ کے پرواز بھرنے کے بعد جب اس میں اُمس اور گرمی سے سبھی مسافر بے حال ہو گئے تو ان کا غصہ طیارہ عملہ کے اراکین پر پھوٹ پڑا۔ فلائٹ میں موجود ایک شخص نے کہا کہ ’’ہمارا دماغ خراب ہے جو ہم اے سی کو بار بار ٹھیک کرانے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ ہماری زندگی کا مذاق بنا دیا ہے۔‘‘ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ فلائٹ کے اندر صحیح طریقے سے آکسیجن نہ ملنے کے سبب کچھ خواتین اور بچے بیہوش ہونے لگے جنھیں بعد میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کچھ لوگوں کو رسالوں یا دیگر چیزوں کا پنکھا بنا کر خود کو جھلتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مسافروں کو کس طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔