تیکھی نوک جھونک کے بعد انڈیگو ملازم کو مسافر نے جڑا طمانچہ، لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہنگامہ
دونوں فریقین سے 4 سے 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے ملزم مسافر کو سخت وارننگ اور تحریری معافی نامہ کے بعد چھوڑ دیا ہے
لکھنؤ میں چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اس وقت زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا جب تاخیر سے پہنچے مسافر نے ایئر لائنز کے ایک ملازم کو زوردار طمانچہ جڑ دیا۔ مسافر کو اس حرکت کے بعد اسے فوراً سی آئی ایس ایف کے سپرد کر دیا گیا جس پر وہ زور زور سے چیخنے لگا۔ اس ہنگامے کی وجہ سے دہلی کی فلائٹ میں تاخیر ہوئی اور دیگر مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ہوائی اڈہ کے ذرائع کے مطابق مسافر اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ انڈیگو کی پرواز نمبر 6 ای 2026 سے دہلی جا رہا تھا۔ معمولی کہا سنی کے بعد مسافر کافی غصہ میں آگیا اور اس نے ایئر لائنز ملازم سے مارپیٹ کرنی شروع کر دی۔ موقع پر موجود ایک دیگر اڑان کے مسافر نے بتایا کہ ملزم لیٹ بورڈنگ کرانے کے لیے کاؤنٹر پر پہنچا تھا۔ انڈیگو کے ملازم کے سوال کرنے پر وہ خفا ہو گیا۔ پہلے تو مسافر کی ملازم سے نوک جھونک ہوئی، پھر اس کے بعد اس نے ملازم کو طمانچہ جڑ دیا۔ اس ہنگامہ کو دیکھ کر وہاں پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔
سیکورٹی اہلکاروں نے صورتحال کو قابو میں کرتے ہوئے ملزم مسافر کو ہوائی اڈہ چوکی کے حوالے کر دیا۔ وہاں پر 4 سے 5 گھنٹے تک دونوں فریقین میں تیکھی بحث ہوئی۔ ملازم کا ساتھ دینے دیگر ایئر لائنز کے ملازم بھی پہنچ گئے۔ بعد میں پولیس نے مسافر کو سخت وارننگ دی اور تحریری معافی نامہ کے بعد اسے جانے دیا گیا۔ یہ پورا معاملہ پیر کی شام کا بتایا جاتا ہے۔ واضح ہو کہ اس سے قبل بھی مسافروں کے ذریعہ ہوائی اڈہ ملازمین کے ساتھ بدتمیزی کے کئی معاملے سامنے آ چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔