’میں ایک کامریڈ اور دوست سے محروم ہو گئی‘، احمد پٹیل کے انتقال پر سونیا غمگین
احمد پٹیل کے انتقال پر سونیا گاندھی نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے ایک کامریڈ، وفادار ساتھی اور دوست کھو دیا۔ میں ان کے انتقال پر افسردہ ہوں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی رکھتی ہوں۔‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کے انتقال سے سیاسی گلیاروں میں غم کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اس غم کو اپنے لیے ایک بہت بڑا خسارہ بتایا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں نے احمد پٹیل کی شکل میں ایک معاون کو کھو دیا ہے، جن کی پوری زندگی کانگریس پارٹی کو سپرد تھی۔ ان کی ایمانداری اور خودسپردگی، اپنی ذمہ داری کے تئیں ان کا عزم، وہ ہمیشہ مدد کے لیے تیار رہتے تھے۔ ان میں موجود رواداری ایسی خوبی تھی جو دیکھنے کو نہیں ملتی اور دوسروں سے انھیں علیحدہ کر دیتی تھی۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : احمد بھائی کی کمی کو کوئی پورا نہیں کر پائے گا: اشوک گہلوت
اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’میں ایک غیر متبدل کامریڈ، ایک وفادار معاون اور ایک دوست سے محروم ہو گئی۔ میں ان کے انتقال پر افسردہ ہوں اور ان کے غمزدہ اہل خانہ سے ہمدردی رکھتی ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل ایک مہینہ قبل کورونا انفیکشن کی زد میں آ گئے تھے۔ اس کے بعد سے ان کا علاج چل رہا تھا۔ احمد پٹیل کے بیٹے فیصل پٹیل نے ٹوئٹ کر کے ان کے انتقال کی خبر آج صبح دی۔ انھوں نے کہا کہ ’’بے حد افسوس کے ساتھ اپنے والد احمد پٹیل کی وقت سے پہلے موت کی خبر دے رہا ہوں۔‘‘ فیصل پٹیل نے کہا کہ 25 تاریخ کی صبح 3.30 بجے ان کا انتقال ہوا۔ ساتھ ہی فیصل نے یہ بھی بتایا کہ کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد ان کا لگاتار علاج جاری تھا، لیکن کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ فیصل نے کہا کہ گروگرام کے میدانتا اسپتال میں انھیں داخل کرایا گیا تھا جہاں انھوں نے آخری سانس لی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔