احمد بھائی کی کمی کو کوئی پورا نہیں کر پائے گا: اشوک گہلوت

اشوک گہلوت نے کہا کہ احمد بھائی کا اس طرح چلے جانا میرے لئے ذاتی خسارہ ہے۔ آج میں نے اپنا ایک قریبی دوست اور قابل اعتماد ساتھی کو کھویا ہے۔ احمد بھائی کی کمی کو کوئی بھی پورا نہیں کر پائے گا۔

احمد پٹیل کی فائل تصویر (آئی اے این ایس)
احمد پٹیل کی فائل تصویر (آئی اے این ایس)
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے قدآور رہنما احمد پٹیل کا انتقال بدھ کی علی الصبح 3.30 بجے ہو گیا۔ کچھ دن پہلے ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا تھا اور انہیں علاج کے لئے گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ آئی سی یو میں داخل تھے اور ان کے اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔

احمد پٹیل کے انتقال پر سیاسی لیڈران کے خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ لگاتار جا ری ہے۔ دریں اثنا راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اشوک گہلوت نے اپنے بیان میں کہا کہ احمد پٹیل سیاست سے علیحدہ بھی ان کے دوست تھے اور ان کے انتقال سے انہیں گہرا دھچکا لگا ہے۔


وزیر اعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت نے کہا، ’’احمد بھائی کا اس طرح چلے جانا میرے لئے ذاتی خسارہ ہے۔ آج میں نے اپنا ایک قریبی دوست اور قابل اعتماد ساتھی کو کھویا ہے۔ احمد بھائی کی کمی کو کوئی بھی پورا نہیں کر پائے گا۔‘‘

اشوک گہلوت نے مزید کہا کہ احمد پٹیل نے پوری زندگی کانگریس پارٹی کے لئے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے راجیو گاندھی کے ساتھ 1985 میں وزیر عظم کے پارلیمانی سیکریٹری کے طور پر لگاتار گجرات پردیش کانگریس کے ریاستی صدر، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور خزانچی اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر کے طور پر کامیابی کے ساتھ ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی تاریخ رقم کی۔


انہوں نے کہا کہ ’’اس طرح وہ چار عشروں سے بھی زیادہ وقت تک سیاسی زندگی میں اقتدار سے دور رہ کر بھی ہمیشہ کانگریس کی تنظیم کو یکجا رکھنے کے تئیں پُر عزم رہے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ احمد بھائیی کا اچانک جانا آج کے وقت پوری سیاسی برادری اور قوم کے لئے ایک بڑا جھٹکا ہے۔‘‘

اشوک گہلوت نے کہا کہ آج کے حالات میں تو کانگریس پارٹی کو ان کی اور زیادہ کمی محسوس ہوگی۔ خدا ان کے اہل خانہ اور تمام عزیزوں کو اس غم کو برداشت کرنے کی قوت دے اور احمد بھائی کی روح کو سکون دے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔