پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک فوجی جوان ہلاک دوسرا زخمی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایل او سی پر پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو فوجی جوان زخمی ہوگئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بدھ کی شب ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایل او سی پر بدھ کی شب پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر شدید گولہ باری شروع کی جس کے نتیجے میں دو فوجی جوان زخمی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زخمی جوانوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنمنٹ اسپتال راجوری منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے ایک جوان کی راستے میں ہی موت واقع ہوگئی۔ مہلوک فوجی جوان کی شناخت لانس نائیک کرنیل سنگھ جبکہ زخمی جوان کی شناخت رائفل مین وریندر سنگھ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وریندر سنگھ کی دائیں آنکھ میں گولی لگی ہے۔


جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 30 ستمبر یعنی بدھ کو پاکستانی فوج نے ضلع پونچھ میں ایل او سی کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں بلا اشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ 'ہمارے فوجیوں نے دشمن کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ کے واقعہ میں لانس نائیک کرنیل سنگھ شدید طور پر زخمی ہوگئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے'۔

دفاعی ترجمان نے مزید کہا کہ لانس نائیک کرنیل سنگھ ایک بہادر، انتہائی پرعزم اور ایک مخلص فوجی تھے۔ انہوں نے کہا کہ قوم مہلوک فوجی کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر طرفین کے درمیان ماہ رواں کے دوران اب تک گولہ باری کے تبادلے کے قریب پچاس واقعات پیش آئے ہیں۔


جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گذشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔