مانسون اجلاس کے پہلے دن 25 اراکین پارلیمنٹ کورونا ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے
جن 25 اراکین پارلیمنٹ کا کورونا ٹیسٹ مانسون اجلاس کے پہلے دن پازیٹو برآمد ہوا ہے ان میں سے 17 کا تعلق لوک سبھا سے ہے اور 8 کا تعلق راجیہ سبھا سے ہے۔
کورونا انفیکشن سے لاکھ بچاؤ کے باوجود سیاسی لیڈران لگاتار اس کی زد میں آ رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن میناکشی لیکھی، اننت ہیگڑے اور پرویش ورما سمیت 25 ارکین پارلیمنٹ کورونا ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس خبر نے ایک سنسنی پھیلا کر رکھ دی ہے کیونکہ یہ ایسے عوامی لیڈران ہیں جو ہر ممکن احتیاط کے ساتھ کام کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ انفیکشن سے نہیں بچ سکے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جن 25 اراکین پارلیمنٹ کا کورونا ٹیسٹ مانسون اجلاس کے پہلے دن پازیٹو برآمد ہوا ہے ان میں سے 17 کا تعلق لوک سبھا سے ہے اور 8 کا تعلق راجیہ سبھا سے ہے۔ لوک سبھا میں کورونا پازیٹو ہونے والے سب سے زیادہ 12 اراکین بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس 2 اراکین اور شیو سینا، ڈی ایم کے و آر ایل ایس پی کے 1-1 اراکین ہیں۔
پارلیمنٹ کے اندر ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں اراکین کے پازیٹو ملنے کے بعد ایک دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ مانسون اجلاس کو لے کر کافی تیاریاں کی گئی ہیں۔ نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ونکیا نائیڈو کے ساتھ ساتھ لوک سبھا اسپیکر اوم بڑلا نے سبھی تیاریوں کا خود جائزہ لیا تھا اور اجلاس کے دوران ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں خصوصی سوشل ڈسٹنسنگ قوانین پر بھی عمل کیا جانا ہے اور اراکین پارلیمنٹ کو بٹھانے کے لیے بھی سوشل ڈسٹنسنگ قوانین پر عمل کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔