’اتنی گھٹیا مورتی کیوں بنائی؟‘ پی ایم مودی کے معافی مانگنے پر کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کیا سوال
پی ایم مودی نے ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’چھترپتی شیواجی مہاراج ہمارے لیے صرف ایک نام نہیں ہیں، وہ ہمارے لیے دیوتا ہیں، سندھو دُرگ میں جو ہوا اس کے لیے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری نے چھترپتی شیواجی مہاراج کی مورتی ٹوٹنے کے واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ معافی مانگنے پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے پوچھا ہے کہ آخر مورتی اتنی گھٹیا کیوں بنائی گئی۔ پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے پرمود تیواری نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کی نہ ہی بنیاد درست ہے اور نہ ہی نیت۔ یہ افسوسناک ہے کہ وزیر اعظم مودی نے جس مورتی کی نقاب کشائی کی، اس میں بدعنوانی ہوئی۔ اس وجہ سے وہ ٹوٹ گیا۔‘‘
وزیر اعظم کے معافی مانگنے پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے پرمود تیواری نے پوچھا کہ ’’آخر آپ معافی کس سے مانگ رہے ہیں؟ کیا ان کے حامیوں سے؟ لیکن شاید آپ کو یہ نہیں پتہ ہے کہ شیواجی کا سخت گیر حامی اگر کوئی تھا تو وہ بال ٹھاکرے تھے۔ آپ نے ان کے کنبہ کے دو ٹکڑے کر دیے۔ وزیر اعظم تو ہمیشہ سے یہی کرتے آئے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ نہی ان کی بنیاد درست ہے، نہ ہی ان کی نیت۔ مورتی ٹوٹنے کے لیے جتنا زیادہ آپ کا وزیر اعلیٰ ذمہ داری ہے، اس سے کہیں زیادہ آپ۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ 30 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی نے پالگھر میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں آج سر جھکا کر اپنے دیوتا شیواجی مہاراج سے معافی مانگتا ہوں۔ ان کے قدموں میں سر جھکا کر معافی مانگتا ہوں۔ ہمارے تہذیب الگ ہیں، ہم وہ لوگ نہیں ہیں جو بہادر بیٹے ویر ساورکر کو گالی دیتے ہیں۔ اس حادثہ سے شیواجی کو دیوتا ماننے والے لوگوں کے دلوں پر چوٹ پہنچی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ’’چھترپتی شیواجی مہاراج ہمارے لیے صرف ایک نام نہیں ہیں۔ وہ ہمارے لیے دیوتا ہیں۔ گزشتہ دنوں سندھو دُرگ میں جو ہوا، اس کے لیے میں ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔