کولکاتا پہنچنے پر بی جے پی صدر جے پی نڈّا کا ’گو بیک‘ نعرہ کے ساتھ ہوا استقبال

کولکاتا کے ہیسٹنگ ایریا میں بی جے پی کے ’الیکشن مینجمنٹ آفس‘ کا افتتاح کرنے جب پارٹی صدر نڈّا پہنچے تو کچھ لوگوں نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ یہ لوگ نئے زرعی قوانین کے خلاف آواز بھی اٹھا رہے تھے۔

جے پی نڈّا، تصویر آئی اے این ایس
جے پی نڈّا، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب کا وقت جیسے جیسے قریب آ رہا ہے، ویسے ویسے سیاسی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ بی جے پی اس مرتبہ ’مشن 200‘ کا ہدف سامنے رکھتے ہوئے تیاریاں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں آج پارٹی صدر جے پی نڈّا کولکاتا پہنچ گئے ہیں۔ لیکن ان کا استقبال کولکاتا واقع بی جے پی دفتر کے باہر ’گو بیک‘ یعنی ’واپس جاؤ‘ نعرہ کے ساتھ کیا گیا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جیسے ہی نڈّا بی جے پی دفتر پہنچے، کچھ لوگوں نے وہاں ہنگامہ شروع کر دیا اور ’گو بیک‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ نعرہ لگا رہے افراد نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے اور اسے جلد واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

دراصل کولکاتا کے ہیسٹنگ ایریا میں بی جے پی کے ’الیکشن مینجمنٹ آفس‘ کا افتتاح کرنے پارٹی صدر نڈّا پہنچے تھے جب یہ ہنگامہ شروع ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ جب یہ ہنگامہ ہو رہا تھا تو وہاں پولس اہلکار موجود نہیں تھے۔ بی جے پی کارکنان کا الزام ہے کہ جو لوگ ہنگامہ کر رہے تھے ان کا تعلق ترنمول کانگریس سے تھا اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ افتتاحی تقریب خوشگوار ماحول میں ہو۔


بہر حال، مغربی بنگال کا دو روزہ دورہ کرنے پہنچے نڈّا کئی علاقوں کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنان کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی مخاطب ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کے روز نڈا ہائمنڈ ہاربر کا دورہ بھی کریں گے جہاں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھشیک بنرجی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ نڈّا یہاں ماہی گیروں کے نمائندوں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ آج شام بی جے پی صدر کولکاتا کے مشہور کالی گھاٹ مندر بھی جانے والے ہیں جہاں گزشتہ مہینے وزیر داخلہ امت شاہ بھی گئے تھے اور پوجا کر کے بنگال الیکشن میں جیت کا عزم ظاہر کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Dec 2020, 4:40 PM