اڈیشہ: مال گاڑی کی زد میں آنے سے 4 لوگوں کی موت، کئی لوگ سنگین طور پر زخمی
بارش سے بچنے کے لیے مزدور مال گاڑی کے نیچے بیٹھ گئے، اس میں انجن نہیں لگا تھا اور بارش کے سبب ٹرین آگے کی طرف بڑھنے لگی جس سے مزدور زد میں آ گئے اور جائے حادثہ پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
اڈیشہ میں 2 جون کو پیش آئے ٹرین حادثہ کا زخم ابھی بھرا بھی نہیں ہے اور ایک نئے ٹرین حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ اڈیشہ کے جاجپور روڈ ریلوے اسٹیشن پر بدھ کے روز ایک مال گاڑی کی زد میں آنے سے 4 مزدوروں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں کئی دیگر افراد زخمی بھی بتائے جا رہے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حادثے کے وقت زبردست بارش ہو رہی تھی۔ اس وجہ سے مزدور ٹریک پر کھڑی مال گاڑی کے نیچے بیٹھ گئے۔ تبھی اچانک مال گاڑی چل پڑی اور مزدوروں کو اس کے نیچے سے نکلنے کا موقع نہیں ملا۔
ریلوے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مزدور ایک ریلوے سائٹنگ پر کام کر رہے تھے جہاں ایک مال گاڑی کھڑی تھی۔ اچانک موسم بگڑنے کے بعد آندھی اور بارش شروع ہو گئی۔ اس سے بچنے کے لیے وہ ٹرین کے نیچے بیٹھ گئے۔ مال گاڑی میں انجن نہیں لگا تھا اور بارش کی وجہ سے ٹرین آگے کی طرف بڑھنے لگی۔ بدقسمتی سے مزدور اس کی زد میں آ گئے اور جائے حادثہ پر ہنگامہ و افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔