ریلوے امتحان کے طلبا پر پولیس کی بربریت کے خلاف این ایس یو آئی کا احتجاج، ریلوے کے وزیر کا پتلا نذر آتش
نیرج کندن نے کہا کہ طلبا کورونا وبا کی وجہ سے پہلے ہی کافی نقصان اٹھا چکے ہیں، حکومت کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت تھی لیکن حکومت لاپرواہ ہے اور متعلقہ طلبا سے بات کیے بغیر نئے اصول مرتب کیے جا رہے ہیں۔
نئی دہلی: ریلوے امتحان کے سلسلے میں حکومت کے ذریعہ 24 جنوری کو جاری نوٹیفکیشن کے بعد ملک بھر میں شروع ہوئے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے اور پولیس کی جانب سے بہار اور اتر پردیش میں طلبا پر کی گئی بربریت کے خلاف کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔ این ایس یو آئی کے دہلی میں کئے گئے احتجاجی مظاہرہ میں بڑی تعداد میں نیٹ پی جی، این ٹی پی سی، سی بی ٹی 2 گروپ ڈی اور یو پی ایس سی کے طلبا نے شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت قومی صدر نیرج کندن کر رہے تھے۔ اس دوران طلباء پر مظالم کے خلاف سینکڑوں کارکنوں نے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا پتلا نذر آتش کیا۔ مظاہرین کے ریلوے کی وزارت کی طرف مارچ کرنے پر پولیس نے بیریکیڈ لگا کر انہیں روکنے کی کوشش کی۔ جن طلباء نے بیریکیڈ عبور کر کے احتجاج کیا انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا اور مندر مارگ تھانے لے کر گئی۔
طلبا سے خطاب کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن نے کہا کہ طلبا کورونا وبا کی وجہ سے پہلے ہی کافی نقصان اٹھا چکے ہیں، حکومت کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت تھی لیکن حکومت لاپرواہ ہے اور متعلقہ طلبا سے بات کیے بغیر نئے اصول مرتب کیے جا رہے ہیں۔ احتجاج کرنے پر انہیں بے دردی سے مارا پیٹا گیا، سی بی ٹی 2 گروپ ڈی کی 140,000 آسامیاں 2019 سے خالی پڑی ہیں۔
حکومت پہلے امتحان نہیں کراتی اور امتحان ہو بھی جائے تو پیپر لیک ہو جاتا ہے۔ پیپر لیک نہیں ہوتا تو نتیجہ نہیں آتا اور نتیجہ کا اعلان ہوتا ہے تو تقرری نہیں ملتی۔ حکومت روزگار فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 26 جنوری کو اپنے حقوق کے لیے لڑنے والے کسانوں کو مارا پیٹا گیا اور اس 26 جنوری کو اسی طرح کی بربریت طلبا کے ساتھ کی گئی۔
این ایس یو آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج کرنے والے طلبا اور اساتذہ کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لی جائے، ایف آئی آر کسی چیز کا حل نہیں ہے، حکومت طلبا سے بیٹھ کر بات کرے اور ان کے مسائل حل کرے۔ این ایس یو آئی دہلی کے ریاستی صدر کنال سہراوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے پیش نظر حکومت کو اپنی انا چھوڑ کر طلبا کے مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔