راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر این ایس یو آئی نے پورے ملک میں ’خون عطیہ کیمپ‘ منعقد کیا
این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن کی ہدایت پر تنظیم کی سبھی ریاستی یونٹس نے اپنی اپنی ریاستوں کے مختلف اضلاع میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔
راجیو گاندھی کے 77ویں یوم پیدائش پر نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے ملک گیر سطح پر خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ این ایس یو آئی قومی صدر نیرج کندن یادو کی ہدایت پر یہ عوامی فلاح کا کام انجام دیا گیا۔ تنظیم کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ نیرج کندن کی ہدایت پر این ایس یو آئی کی سبھی ریاستی یونٹس نے اپنی اپنی ریاستوں کے مختلف اضلاع میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس تعلق سے نیرج کندن نے کہا کہ ’’ملک بھر میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کرنے کے لیے اس خاص دن کو منتخب کیا گیا تھا، تاکہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔ این ایس یو آئی نے یہ پیش قدمی نہ صرف لوگوں کو خون عطیہ کی اہمیت کے بارے میں بیدار کرنے کے لیے کی گئی، بلکہ انھیں یہ یاد دلانے کے لیے بھی کہ وبا کے وقت میں خون عطیہ کرنا کس قدر اہم ہے۔‘‘
دہلی میں منعقد ایک خون عطیہ کیمپ کا کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی دورہ کیا۔ وہ این ایس یو آئی قومی صدر نیرج کندن کے ساتھ دہلی ہیڈکوارٹر کے خون عطیہ کیمپ میں پہنچے اور تنظیم کی کوششوں اور ملک بھر میں خون عطیہ کیمپ منعقد کیے جانے کی پیش قدمی کی خوب تعریف کی۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے خون عطیہ کرنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
این ایس یو آئی دہلی کے ریاستی صدر کنال سہراوت نے اس موقع پر کہا کہ ’’ہم نے دہلی میں خون عطیہ کیمپ منعقد کر کے ڈھائی سو یونٹ سے زیادہ خون جمع کیا۔ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کرنے کا ہمارا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ کوئی بھی شخص خون کی کمی سے نہ مرے۔‘‘ اس درمیان این ایس یو آئی نے وزیر اعظم کی شکل میں آنجہانی راجیو گاندھی جی کے دور اقتدار میں کیے گئے کاموں پر روشنی ڈالنے کے لیے ایک خصوصی قدم بھی اٹھایا۔ تنظیم نے راجیو گاندھی کی کارگزاریوں پر مبنی کئی ہورڈنگ دہلی میں لگوائے جس میں ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔