این ایس ای گھوٹالہ: چترا رام کرشن کے ’یوگی‘ کا ویدوں سے کنکشن آیا سامنے

سیبی کا کہنا ہے کہ یوگی کے چہرے کے پیچھے جو انسان ہے وہ این ایس ای کا ملازم نہیں، ذرائع کے مطابق سیبی 2 ہفتہ کے اندر یوگی کی اصلی شناخت لوگوں کے سامنے لا سکتی ہے۔

چترا رام کرشن، تصویر آئی اے این ایس
چترا رام کرشن، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

2013 سے 2016 تک نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کی چیف رہی چترا رام کرشن نے این ایس ای گھوٹالہ معاملے میں کہا تھا کہ انھوں نے جو بھی فیصلہ لیا وہ ایک یوگی کے مشوروں پر مبنی تھا۔ اب اس معاملے میں کئی حیران کرنے والے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ یہاں تک کہ مذکورہ ’یوگی‘ کا ویدوں سے کنکشن بھی سامنے آیا ہے۔ چترا نے ’سیبی‘ کو بتایا کہ وہ یوگی سے ای میل کے ذریعہ بات چیت کرتی تھی جو rigyajursama@outlook.com ہے۔ اس آئی ڈی کو دیکھیں تو اس میں رِگ، یجور اور سما الفاظ کا استعمال ہے۔ سناتن مذہب کے چاروں ویدوں کے نام ہیں رِگ وید، یجوروید، سام وید اور اتھرو وید۔ ان میں سے آخری وید اتھرو وید میں جادو کے منتروں کی جانکاری دی گئی ہے۔ نامعلوم یوگی کے ای میل میں اسے چھوڑ کر تینوں ویدوں کا نام شامل ہے۔

واضح رہے کہ ابھی تک اس ہمالیائی یوگی کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل پایا ہے جس کا تذکرہ این ایس ای کی سابق چیف چتر رام کرشن نے کیا ہے۔ حالانکہ ہندوستان کے اب تک کے سب سے بڑے بینکنگ گھوٹالہ ٹھہرائے جا رہے اس معاملے کے تعلق سے روزانہ کوئی نہ کوئی انکشاف ہو رہا ہے۔ جانچ کے دوران چترا نے بتایا کہ وہ یوگی سے 20 سال پہلے گنگا کے ساحل پر ملی تھیں۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یوگی ایک ایسی طاقت ہے جسے جسم کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔ وہ ہمالیہ میں رہتے ہیں اور اپنی خواہش کے مطابق کہیں بھی ظاہر ہو سکتے ہیں۔


تحقیق کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ یوگی کے اشارے پر چترا نے جس آنند سبرامنیم کو این ایس ای کا دوسرا سب سے بڑا عہدہ دے دیا تھا، وہ اپنی تنخواہ کا ایک حصہ ہر مہینے یوگی کو بطور ہدیہ پیش کرتا تھا۔ اسی ہدیہ کے لیے آنند کو این ایس ای میں بڑی تنخواہ کے ساتھ ملازمت ملی تھی۔ پہلے جو انسان 15 لاکھ روپے کی تنخواہ پا رہا تھا، این ایس ای میں اسے 1.38 کروڑ روپے کا پیکیج دیا گیا۔ جب تک معاملہ کا پتہ چلا، اس وقت تک آنند کی تنخواہ 4 کروڑ روپے سے زیادہ ہو چکی تھی۔

’آج تک‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق سیبی مبینہ یوگی کی شناخت کرنے کے بہت قریب ہے۔ کچھ لوگ مانتے ہیں کہ آنند سبرامنیم نے ہی یوگی کے نام سے ایک فرضی آئی ڈی تیار کی اور چترا سے اپنے من کے مطابق کام کرایا۔ حالانکہ سیبی نے اپنے آرڈر میں اس بات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ سیبی کے حساب سے یوگی کے چہرے کے پیچھے جو انسان ہے وہ این ایس ای کا ملازم نہیں ہے۔ ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیبی 2 ہفتہ کے اندر یوگی کی اصلی شناخت لوگوں کے سامنے لا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔