کورونا: محکمہ تعلیم کی اجازت کے بغیر اسکول شروع کرنے پر ہیڈ ماسٹر کو نوٹس

محکمہ تعلیم کے ذریعہ ہیڈ ماسٹر کو وجہ بتاؤ نوٹس دینے کے ساتھ ساتھ محکمہ اسکول تعلیم نے مغربی مدنی پور ضلع کے اسکول انسپکٹر سے بھی 24 گھنٹے میں اس پورے واقعے پر رپورٹ طلب کیا ہے۔

تصویر ڈبلوی بی ایکسپریس
تصویر ڈبلوی بی ایکسپریس
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی مدنی پور ضلع کے داس پور میں واقع ہاتسربیریا بی سی رائے ہائی اسکول میں دسویں جماعت کی کلاس شروع ہونے کی خبر عام ہوتے ہی محکمہ تعلیم تعلیم حرکت میں آگئی ہے اور حکومت کی اجازت کے بغیر کلاس شروع کرنے پر اسکول کے ہیڈ ماسٹرکے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کل یہاں دسویں جماعت کی باضابطہ کلاس شروع ہوئی۔ جس میں طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محکمہ تعلیم نے 24 گھنٹوں میں وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب طلب کیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ اسکول تعلیم نے مغربی مدنی پور ضلع کے اسکول انسپکٹر سے بھی 24 گھنٹے میں اس پورے واقعے پر رپورٹ طلب کی ہے۔ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے صدر کلیان گنگوپادھے نے کہا ہے کہ رپورٹ ملنے کے بعد اسکول کے ہیڈ ماسٹرکے حلاف ضروری کارروائی بھی کی جائے گی۔ تاہم اب تک اس معاملے میں ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی کا کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔ لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد سے پورے ملک میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔


اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ مقامی لوگ بڑی تعداد میں ہیڈ ماسٹر کو درخواست دے رہے تھے کہ چوں کہ اس علاقے میں کورونا وائرس کا اثر کم ہے اس لئے تعلیمی سلسلہ شروع کیا جائے۔ ان درخواستوں کی بنیاد پر اسکول انتظامیہ کمیٹی کی ایک میٹنگ ہوئی جس فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن سے متعلق تمام رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے دسویں جماعت کی کلاس شروع کردی جائے۔ اس فیصلے کی بنیاد پر ہی کل بدھ کو دسویں جماعت کی کلاس شروع ہوئی۔ اسکول انتظامیہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اسکول میں تھرمل اسکریننگ، صفائی ستھرائی اور معاشرتی فاصلہ کا خیال رکھا گیا تھا۔والدین اور طلباء بھی خوش تھے کہ اسکول میں تعلیم شروع ہوگئی ہے۔ مگر اسکول انتظامیہ نے اس کy لئے ضلع سطح کے افسران سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

حال ہی میں وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ اگر صورتحال بہتر ہوئی تو 5 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھول دiئے جائیں گے۔ وزیرا علیٰ نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کے لئے اسکول کھولا جائے گا۔ اگرچہ اس وقت بنگال میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی آئی ہے۔ تاہم ریاستی اسکول ایجوکیشن محکمہ کے عہدیداروں نے جائزہ لینا شروع کر دیا ہے کہ اگر اسکول کھولے جاتے ہیں تواس کا طریقہ کار کیا ہوگا اور کس طرح کورونا سے بچے کو محفوظ رکھنے کے لئے کارروائی اور احتیاط برتی جاسکتی ہے۔


مغربی مدنی پور کے داس پور میں واقع ہائی اسکول میں تعلیم کی شروعات نے ایک نئے تنازع کو شروع کردیا ہے۔ اگرچہ حکومت نے سخت کارروائی کا اشارہ کیا ہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر تعلیم کیسے شروع کی گئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق جمعرات کے روز گھٹال سب ڈویڑن میں اے ڈی آئی سے پورے معاملے کی رپورٹ مانگی گئی ہے۔ اگر محکمہ تعلیم ہیڈ ماسٹر کے جواب سے مطمئن نہیں ہوتا ہے تو ہیڈ ماسٹر کو معطل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اسکول مینجمنٹ کمیٹی اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو کسی حد تک یقین ہے کہ محکمہ تعلیم مکمل جانچ کے بعد ہی کوئی کارروائی کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔