ایم سی ڈی میئر عہدہ کے لیے شیلی اوبرائے اور ڈپٹی میئر عہدہ کے لیے آلِ محمد اقبال نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

عآپ کے میئر اور ڈپٹی میئر امیدوار کے طور پر کئی نام سیاسی امور کی کمیٹی کے سامنے آئے تھے، اس سلسلے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش پر جمعہ کے روز میٹنگ بھی ہوئی تھی۔

ایم سی ڈی آفس، سوک سینٹر، تصویر آئی اے این ایس
ایم سی ڈی آفس، سوک سینٹر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخاب کا نتیجہ برآمد ہونے کے بعد بی جے پی اور کانگریس کو پٹخنی دینے والی عام آدمی پارٹی (عآپ) نے میئر اور ڈپٹی میئر عہدہ کے لیے اپنے امیدوار کا انتخاب کرنے کے لیے کافی غور و خوض کیا، اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پارٹی کی طرف سے میئر عہدہ کے لیے شیلی اوبرائے اور ڈپٹی میئر عہدہ کے لیے آلِ محمد اقبال نے پرچہ نامزدگی داخل کر دیا ہے۔ اس تعلق سے پارٹی ذرائع نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ جب شیلی اور اقبال پرچہ نامزدگی داخل کر رہے تھے تو اس دوران سوربھ بھاردواج، درگیش پاٹھک اور عادل خان جیسے عآپ لیڈران موجود تھے۔

دراصل عآپ کے میئر اور ڈپٹی میئر امیدوار کے طور پر کئی نام سیاسی امور کی کمیٹی کے سامنے آئے تھے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش پر جمعہ کے روز میٹنگ بھی ہوئی تھی۔ کمیٹی نے دہلی میونسپل کارپوریشن میں میئر اور ڈپٹی میئر سمیت مختلف عہدوں کے لیے 6 ناموں کو شارٹ لسٹ کیا تھا اور اس میں شیلی اوبرائے کا نام میئر عہدہ کے لیے سب سے اوپر بتایا گیا تھا۔ اب پارٹی ذرائع نے ان کی نامزدگی کی خبر بھی دے دی ہے۔ شیلی اوبرائے پٹیل نگر سے کونسلر منتخب کی گئی ہیں اور عوام میں مقبولیت رکھنے والی خاتون لیڈر ہیں۔


دوسری طرف مٹیا محل سے کونسلر منتخب ہوئے آلِ محمد اقبال کو ڈپٹی میئر عہدہ کے لیے منتخب کیے جانے کی خبریں بھی جمعہ کے روز ہوئی میٹنگ کے بعد سامنے آ رہی تھیں۔ اب انھوں نے بھی ڈپٹی میئر کے لیے نامزدگی کا پرچہ داخل کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں چار اسٹینڈنگ کمیٹی اراکین کا انتخاب بھی ہوا جس میں کراول نگر سے کونسلر عامل ملک، ہری نگر سے کونسلر رمندر کور، سیماپوری سے کونسلر موہنی جینوال، اور جنگ پورہ سے کونسل ساریکا چودھری شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔