’بھارت جوڑو یاترا‘ کو بدنام کرنے کی سازش، کانگریس نے ویڈیو شیئر کر ثبوت کے ساتھ بی جے پی پر کیا حملہ
جئے رام رمیش اور سپریا شرینیت نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی کامیابی سے بی جے پی خوفزدہ ہو گئی ہے اور اب فرضی خبر کے ذریعہ یاترا کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کانگریس نے بی جے پی پر ’بھارت جوڑو یاترا‘ کو بدنام کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ پارٹی لیڈر جئے رام رمیش اور سپریا شرینیت نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی کامیابی سے بی جے پی خوفزدہ ہو گئی ہے اور اب فرضی نیوز و ویڈیو کے ذریعہ یاترا کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پارٹی نے ثبوت کے طور پر ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے، جس میں بی جے پی کے الزامات کا جواب ہے۔
کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے 109 دن پورے ہو گئے ہیں اور اس یاترا میں امنڈے عوامی سیلاب کو دیکھ کر بی جے پی کے ہوش اڑے ہوئے ہیں۔ شرینیت نے کہا کہ بھیڑ کو دیکھ کر بی جے پی بوکھلا گئی ہے، لیکن وہ اتنے بوکھلا جائیں گے یہ ہم بھی نہیں جانتے تھے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ جہاں کروڑوں لوگ پارٹی کی سیاست سے اوپر اٹھ کر بھارت کو جوڑنے میں لگے ہوئے ہیں، وہیں بی جے پی نے اس یاترا کو بدنام کرنے میں اور جھوٹ بولنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ سپریا شرینیت نے بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی لیڈر کمبل اوڑھ کر ملک کو توڑنے میں لگے ہوئے ہیں، تب راہل گاندھی اس سردی میں مہاتما گاندھی کی سمادھی پر، پنڈت نہرو کی سمادھی، اندرا گاندھی کی سمادھی پر، راجیو گاندھی کی سمادھی پر، چودھری چرن کی سمادھی پر اور اٹل جی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کر اپنی تپسیا پوری کر رہے تھے۔
کانگریس ترجمان نے آگے بتایا کہ بی جے پی نے یاترا کو بدنام کرنے کے لیے کتنی بار اور کتنے طرح کے جھوٹ بولے۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے کھانے، پہننے، سونے سے لے کر تقریر کو کاٹ کر غلط طریقے سے بدنام کرنے کی کوشش کی گئی اور یہ کام بی جے پی کی ٹرول آرمی نے نہیں بلکہ پی ایم مودی کے وزیر داخلہ نے، ان کے وزراء نے، ان کے ترجمانوں نے، ان کے آئی ٹی سیل کے انچارج نے اور ان کے بھکتوں نے مل کر کیا۔ شرینیت نے کہا کہ اس میں بہت بڑا کردار میڈیا کے کچھ اداروں کا بھی رہا۔ لیکن سچائی کے آگے سبھی بے نقاب ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا‘ کو لے کر بی جے پی نے 9 بڑے جھوٹ بولے۔ کنٹینروں کو لے کر جھوٹ بولا گیا، راہل گاندھی کو لے کر جھوٹ بولا گیا۔ کہا گیا کہ راہل گاندھی کنیاکماری میں وویکانند کی سمادھی پر نہیں گئے۔ اس جھوٹ کا بھی پردہ فاش تبھی ہو گیا۔ کانگریس ترجمان نے اس کو لے کر مودی حکومت میں وزیر اسمرتی ایرانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی پر میڈیا سے بات نہیں کرنے، الٹی آرتی کرنے اور پتہ نہیں کتنی طرح کے الزامات بی جے پی کے ذریعہ لگائے گئے، لیکن سبھی کی سچائی سامنے آئی اور بی جے پی لیڈران بے نقاب ہو گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔