بہار کے لیے نتیش نے جو مانگا وہ نہیں ملا، انہیں اب مودی حکومت سے ہٹ جانا چاہئے: رابڑی دیوی

رابڑی دیوی نے کہا ہے کہ بہار کو جو کچھ ملا ہے اس سے بہار کی کوئی ترقی نہیں ہوگی۔ یہ بہار کے لیے ایک جھنجھنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مرکزی حکومت سے علاحدہ ہوجانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>رابڑی دیوی/  آئی اے این ایس</p></div>

رابڑی دیوی/ آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت کے عام بجٹ میں بہار کے لیے جو اعلانات کیے گئے ہیں، ان پر بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو جو کچھ ملا ہے اس سے بہار کی کوئی ترقی نہیں ہوگی۔ یہ بہار کے لیے ایک جھنجھنا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مرکزی حکومت سے علاحدہ ہوجانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ بہار قانون ساز کونسل کے باہر سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی قیادت میں مہا گٹھ بندھن نے شدید احتجاج کیا ہے۔ یہ احتجاج بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ نہ ملنے اور ریاست میں بڑھتے جرائم کے خلاف تھا۔ احتجاج کے دوران اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں نے نتیش کمار حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیا۔ بہار قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر رابڑی دیوی نے اس موقع پر کہا کہ بہار میں قتل، ڈکیتی اور لوٹ مار ہو رہی ہے لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے بجٹ میں بہار کو جھنجھنا پکڑایا گیا ہے۔


واضح رہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مرکزی حکومت سے بہار کے لیے خصوصی ریاست کا درجہ مانگا تھا، لیکن گزشتہ کل مرکزی حکومت نے نتیش کمار کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے سے انکار کر دیا۔ یہاں یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت کو نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو کی حمایت حاصل ہے۔ بجٹ سے قبل اس بات کا خوب چرچا تھا کہ مرکز بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دےگا، مگر بجٹ میں یہ کچھ خاص اعلانات و مراعات تک ہی محدود رہ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔