نیتی آیوگ نے کہا ’میڈیسن اور آکسیجن تیار رکھیں‘، کیا ایچ3این2 وائرس بھی کورونا کی طرح قہر برپا کرے گا!
نیتی آیوگ نے انفلوئنزا وائرس سے نمٹنے کے لیے کورونا جیسے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے، اس سلسلے میں ریاستوں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ہندوستان میں ان دنوں ایچ3این2 وائرس کا انفیکشن تیزی کے ساتھ بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ نیتی آیوگ نے اس تعلق سے ایک میٹنگ بھی کی جس میں انفلوئنزا سے نمٹنے کے لیے ایکشن ٹاسک فورس بنانے پر غور و خوض کیا گیا۔ نیتی آیوگ کی میٹنگ میں ریاستوں کو اس وائرس سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں میں تیاری، طبی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ، ادویات، میڈیکل آکسیجن اور طبی ساز و سامان کی موجودگی یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔ آیوگ نے فیصلہ کیا ہے کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے سب سے پہلے لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتی آیوگ کی میٹنگ میں غور و خوض ہوا کہ لوگوں میں بیداری کے لیے کیا اقدام کیے جا سکتے ہیں۔ آیوگ نے انفلوئنزا وائرس سے نمٹنے کے لیے کورونا جیسے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں ریاستوں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ آیوگ نے ایک پریس ریلیز جاری کر لوگوں کو انفلوئنزا سے متعلق احتیاط برتنے کی بھی صلاح دی ہے۔ نیتی آیوگ نے ناک اور منھ چھپانے، بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے بچنے، علامت والے لوگوں کے رابطہ میں نہ آنے اور علامت پائے جانے پر جانچ کرانے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ موسمی انفلوئنزا کے سبب ہندوستان میں دو اموات ہو چکی ہیں۔ ایک موت کرناٹک میں اور ایک موت ہریانہ میں درج کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے جمعہ کے روز ریاستوں سے اس معاملے میں محتاط رہنے اور کیسز بڑھنے کی صورت میں حالات کی قریبی سے نگرانی کرنے کو کہا تھا۔ وزارت صحت کے ذریعہ پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2 جنوری سے 5 مارچ تک ملک میں ایچ3این2 کے 451 معاملے سامنے آئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔