دریاؤں کے وسائل پر ’نشاد طبقہ‘ کا حق، ساحل کی زمین، ریت اور مچھلی انہیں دی جائے: پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ یوپی کانگریس کا پسماندہ شعبہ 19 دن سے 418 کلومیٹر ’ندی ادھیکار یاترا‘ نکال کر نشاد سماج کے حق کی آواز اٹھا رہا ہے۔

الہ آباد میں خواتین سے زمین پر بیٹھ کر گفتگو کرتیں پرینکا گاندھی / ٹوئٹر @INCUttarPradesh
الہ آباد میں خواتین سے زمین پر بیٹھ کر گفتگو کرتیں پرینکا گاندھی / ٹوئٹر @INCUttarPradesh
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ نشاد طبقہ کے افراد ندیوں کے راجہ اور محافظ ہیں اور دریاؤں کے وسائل پر صرف ان کا حق ہے۔ پرینکا گاندھی نے ہفتہ کے روز ایک ٹوئٹ کے ذریعے اطلاعت فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کانگریس کا پسماندہ طبقہ سے متعلق شعبہ ’ندی ادھیکار یاترا‘ نکال رہا ہے اور ان کے حق کی آواز اٹھا رہا ہے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’یوپی کانگریس کا پسماندہ شعبہ 19 دن سے 418 کلومیٹر ندی ادھیکار یاترا نکال کر نشاد سماج کے حق کی آواز اٹھا رہا ہے۔ نشاد ندیوں کے راجہ اور محافظ ہیں۔ ندی کے وسائل پر ان کا حق ہے۔‘‘


انہوں نے مزید لکھا، ’’نشاد سماج کے گاؤں گاؤں سے ایک ہی آواز اٹھ رہی ہے کہ ان کی سکھ دکھ کی ساتھی ندیوں کے وسائل بالو (ریت)، مچھلی، ندی کنارے کی زمین وغیر کے استعمال کو بڑے سرمایہ داروں - ٹھیکہ داروں کے چنگل سے نکال کر نشاد طبقہ کو اس کے استعمال کا حق ملنا چاہیے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’یہ نشاد طبقہ کے لئے ذریعہ معاش کا سوال ہے اور ہم نشاد طبقہ کے ذریعہ معاش کو دلانے کی لڑائی پورے عزم کے ساتھ لڑیں گے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے ندی ادھیکار یاترا کی قیادت کر رہے دیویندر نشاد، کنور نشاد (رکن اسمبلی) اور وندنا نشاد سمیت یاترا میں شامل تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔