جنوبی کشمیر میں گرفتار شدہ ٹرک ڈرائیور کے گھر پر این آئی اے کا چھاپہ
ہلال احمد وگے جو پیشے سے ایک ٹرک ڈرائیور ہیں، کو پنجاب پولیس نے ماہ اپریل میں امرتسر سے گرفتار کیا تھا اور اس کی تحویل سے 29 لاکھ روپے برآمد کیے گئے تھے
سری نگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کی صبح ماہ اپریل میں امرتسر میں مبینہ طور پر زر کثیر کے ساتھ گرفتار کیے جانے والے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرائیور کی رہائش گاہ پر چھاپہ ڈالا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امرتسر میں سال رواں کے ماہ اپریل میں امرتسر سے گرفتار کیے جانے والے ٹرک ڈرائیور کی رہائش گاہ واقع کھانڈے پورہ اونتی پورہ پر این آئی اے کی ایک ٹیم نے جمعرات کی صبح چھاپہ ڈال کر گھر کی تلاشی لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلال احمد وگے جو پیشے سے ایک ٹرک ڈرائیور ہیں، کو پنجاب پولیس نے ماہ اپریل میں امرتسر سے گرفتار کیا تھا اور اس کی تحویل سے 29 لاکھ روپے برآمد کیے گئے تھے۔ این آئی اے کا دعویٰ ہے کہ وگے کو بدنام زمانہ نارکو ملی ٹنٹ رنجیت سنگھ، جس کو ماہ مئی میں ہریانہ کے سرسا علاقے میں گرفتار کیا گیا ہے، کے ساتھ تعلقات تھے۔ این آئی اے نے اس سلسلے میں سال گزشتہ ماہ جون میں ایک کیس درج کیا تھا اور پندرہ لوگوں بشمول سنگھ، کے خلاف ماہ دسمبر میں ایک چارج شیٹ دائر کی تھی۔
این آئی اے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک ڈرگ کیس میں تحقیقات سے یہ حقیقت منکشف ہوئی تھی کہ کہ پاکستانی ملی ٹنٹ تنظیمیں ہندوستان میں ملی ٹنٹ سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے منشیات کا کاروبار کر رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔