پٹنہ-دہلی فلائٹ میں بم کی اطلاع سے ہنگامہ، 180 مسافروں کی جان حلق میں!
ایک نوجوان جیسے ہی پٹنہ سے دہلی جانے والی فلائٹ میں چڑھا، اس نے کہا کہ اس کے بیگ میں بم ہے، یہ سنتے ہی فلائٹ میں سوار مسافروں میں افرا تفری مچ گئی۔
پٹنہ سے دہلی جانے والی انڈیگو فلائٹ کے مسافروں میں جمعرات کی شب اس وقت دہشت پھیل گئی جب ایک مسافر نے دعویٰ کیا کہ طیارہ میں بم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر نے یہ دعویٰ اس وقت کیا جب دیگر مسافر طیارے میں داخل ہو رہے تھے۔ یہ خبر جیسے ہی پھیلی سی آئی ایس ایف کے جوان حرکت میں آ گئے اور سبھی کو طیارہ سے اتار دیا۔
سی آئی ایس ایف افسر نے طیارہ کی پوری جانچ کی، حالانکہ فلائٹ میں کوئی بم نہیں ملا۔ احتیاط کے طور پر افسران نے جمعرات کی شب والی پرواز رَد کرنے کا فیصلہ کیا۔ پٹنہ پولیس بھی اس معاملے میں حرکت میں آ گئی اور اس نے فوراً بم اور ڈاگ اسکواڈ کی کئی ٹیمیں بھیجیں۔ انھوں نے پورے ایئرپورٹ احاطہ کی بھی تلاشی لی۔
یہ بھی پڑھیں : سی بی ایس ای نے 12ویں کا نتیجہ کیا جاری، 92.71 فیصد طلبا پاس
واقعہ کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ ایک نوجوان جیسے ہی پٹنہ سے دہلی جانے والی فلائٹ میں چڑھا، اس نے کہا کہ اس کے بیگ میں بم ہے۔ اس کے بعد فلائٹ کے اندر افرا تفری مچ گئی۔ بعد میں اس کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں بم موجود نہیں تھا۔ بم کی اطلاع دینے والے شخص کا نام گرپریت بتایا جا رہا ہے جسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ احتیاطاً سبھی مسافروں کو طیارہ سے اتار کر سبھی کے سامان کی جانچ بھی کی گئی۔
اس پورے معاملے میں ایک افسر نے کہا کہ ’’ہمیں اب تک تلاشی مہم میں طیارہ سے یا ہوائی اڈہ احاطہ سے کوئی بم یا مشتبہ سامان برآمد نہیں ہوا ہے۔ ہوائی اڈے کے اندر اور باہر تلاشی مہم جاری ہے۔ بم اور ڈاگ اسکواڈ بھی موجود ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔