دہلی میں اسرائیلی سفارتخانہ کے پیچھے دھماکہ کی خبر، پولیس تحقیقات میں مصروف
دہلی فائر سروسز ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ ابھی تک جائے حادثہ پر کچھ بھی نہیں ملا ہے، علاوہ ازیں دہلی پولیس نے بھی جانکاری دی ہے کہ فی الحال کوئی دھماکہ خیز مادہ نہیں ملا ہے لیکن تلاشی مہم جاری ہے۔
دہلی کے چانکیہ پوری علاقہ واقع اسرائیلی سفارتخانہ کے پیچھے دھماکہ کی خبر موصول ہو رہی ہے۔ یہ خبر ملنے کے بعد دہلی پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس کو منگل کی شام کو نئی دہلی ضلع واقع اسرائیلی سفارتخانہ کے پاس دھماکہ کی خبر ملی جس کے بعد محکمہ کے افسران سرگرم ہو گئے۔
دہلی فائر بریگیڈ سروس کے افسران کا کہنا ہے کہ فون شام 5.47 بجے آیا تھا اور دہلی پولیس کے پی سی آر (پولیس کنٹرول روم) سے ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کے افسران موقع پر ہیں اور تلاشی مہم جاری ہے۔ فی الحال دہلی پولیس کی کرائم یونٹ کی ایک ٹیم اور فورنسک ٹیم اسرائیلی سفارخانہ کے پاس جانچ کر رہی ہے۔
دہلی فائر سروسز کے ڈائریکٹر اتل گرگ کا کہنا ہے کہ ’’ابھی تک جائے حادثہ پر کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔‘‘ دہلی پولیس کا بھی جو بیان سامنے آیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ فی الحال کوئی دھماکہ خیز مادہ علاقے میں نہیں ملا ہے، لیکن تلاشی مہم جاری ہے۔ ایک چشم دید کا اس پورے واقعہ سے متعلق کہنا ہے کہ ’’پانچ بجے کی بات ہے۔ گیٹ کے اندر ڈیوٹی پر تھے۔ ایک آواز آئی، لگا جیسے ٹائر پھٹ گیا ہے۔ کچھ دیر اِدھر اُدھر دیکھا۔ اندر کچھ بھی نہیں تھا۔ پھر ہم نے باہر کی طرف دیکھا تو درخت کے پاس دھواں اٹھتا نظر آیا۔ آواز بہت تیز تھی۔‘‘ پولیس نے اس چشم دید سے بیان لے لیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔