بہار میں نئے گھوٹالے کا انکشاف، 65 سالہ خاتون نے 14 مہینے میں 8 بیٹیوں کو دیا جنم
جننی بال سرکشا یوجنا کا فائدہ پانے والی خواتین میں کئی کی عمر 60 سال سے بھی زیادہ ہے اور جانچ میں پتہ چلا ہے کہ گزشتہ 20 سالوں میں انھوں نے کسی بچے کو جنم نہیں دیا۔
بہار کی نتیش حکومت میں سرکاری منصوبہ کے ساتھ ایک حیران کرنے والا گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔ معاملہ مظفر پور کا ہے جہاں مسہری بلاک میں 65 سال کی خاتون نے 14 مہینے میں 8 بچیوں کو جنم دیا۔ سننے سے ہی پتہ چلتا ہے کہ یہ ممکن بات نہیں ہے، لیکن کاغذوں میں ایسا ہی نظر آ رہا ہے۔ یہ کھیل بچیوں کے تحفظ کو لے کر چل رہے 'جننی بال سرکشا یوجنا' کے ساتھ ہوا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت ملنے والی رقم کو گھوٹالہ بازوں نے اپنی جیب میں ڈال لی۔
یہ بھی پڑھیں : رافیل ڈیل: راہل گاندھی نے مودی حکومت کو پھر بنایا نشانہ
میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق الزام ہے کہ اس منصوبہ کا فائدہ پانے والی خواتین میں کئی کی عمر 60 سال سے بھی زیادہ ہے اور گزشتہ 20 سالوں میں انھوں نے کسی بچے کو جنم نہیں دیا۔ ان خواتین کے اکاؤنٹس میں جننی منصوبہ کے تحت ملنے والی رقم ڈال کر پیسے کو نکال بھی لیا گیا ہے جب کہ سچ تو یہ ہے کہ خواتین کو ایک بار بھی پیسہ نہیں ملا۔ یعنی جس کے نام پر پیسہ لیا گیا، اسے پتہ بھی نہیں چلا۔ اتنا ہی نہیں، ایک ہی خاتون کے اکاؤنٹ میں ایک سال میں کئی بار 1400 روپے (بچی کی پیدائش پر ملنے والی رقم) ڈالی گئی ہے اور اس کو نکال بھی لیا گیا ہے۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد 'جننی بال سرکشا یوجنا' کے تحت خواتین کو ملنے والی حوصلہ افزائی رقم میں بے ضابطگی کو لے کر معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی معاملہ کی جانچ کے لیے چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی میں ایڈیشنل کلکٹر کے ساتھ محکمہ صحت کے ضلع پروگرام افسر، اکاؤنٹ منیجر اور سینئر انچارج افسر مسہری شامل ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے گزشتہ ایک سال کےد وران اس منصوبہ کے تحت کی گئی ادائیگی کی بھی جانچ کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی طرح کی بے ضباطگی پائی جاتی ہے تو قانونی طور پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس پورے معاملے میں مسہری ہیلتھ سنٹر انچارج ڈاکٹر اوپیندر چودھری نے اکاؤنٹینٹ اودھیش کمار کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں اکاؤنٹینٹ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے 'جننی بال سرکشا یوجنا' میں ایک ہی خاتون لیلا دیوی کو 14 ماہ میں 8 بار، شانتی دیوی کو 9 ماہ میں 5 بار اور سونیا دیوی کو 5 ماہ میں 4 بار 1400-1400 روپے کی شرح سے دھاندلی کر غیر قانونی ادائیگی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔