بیرون ملک سے ہندوستان آنے والوں کے لیے نئی ہدایات جاری

وزارت نے بتایا کہ پرواز کے وقت سے کم از کم 72 گھنٹے قبل ہی سیلف ڈکلیریشن فارم بھی بھرنا ہوگا۔ انھیں یہ اعلان کرنا ہوگا کہ وہ ہندوستان آنے کے بعد 14 دن کوارنٹائن کے ضابطے پر عمل درآمد کریں گے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت نے بیرون ملک سے ہندوستان آنے والے مسافروں کے لیے ’کووڈ۔19‘ وبا کے مد نظر آج نئے ہدایات جاری کی ہیں، جس کے تحت لازمی ادارہ جاتی کوارنٹائن سے چھوٹ کے لیے سفر شروع کرنے سے قبل ہی آن لائن درخواست کرنا ہوگا۔

صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت نے بتایا کہ نئی ہدایات 08 اگست سے نافذالعمل ہوں گی۔ اس کے تحت محض کچھ ہی کٹیگری کے مسافروں کو لازمی طور پر ادارہ جاتی کوارنٹائن سے چھوٹ دی جائے گی جس کے لیے مسافروں کو سفر شروع کرنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل آن لائن پورٹل پر درخواست کرنا ہوگا۔ محض حاملہ خواتین، سنگین طور پر بیمار افراد اور 10 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کے والدین اور جن کے خاندان میں سے کسی کی موت ہو گئی ہو انہی کو اس سے چھوٹ ملے گی۔ دیگر مسافروں کو سات دن تک ادارہ جاتی قرنطین میں لازمی طور پر رہنا ہوگا۔


علاوہ ازیں اگر کوئی مسافر، پرواز سے 96 گھنٹے قبل کووِڈ۔19 کا ٹیسٹ کرواتا ہے اور اس کی رپورٹ نیگٹو آتی ہے تو اسے بھی ادارہ جاتی قرنطین سے رخصت مل جائے گی۔ اسے گھر پر ہی 14دن تک آئیسولیشن میں رہنا ہوگا۔

نئے رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ کوارنٹائن سے بچنے کے لیے آن لائن درخواست کے بعد حکومت کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ آخری ہوگا اور بعد میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ فی الحال جاری انتظام کے تحت ہندوستان آنے کے بعد داخلے کی جگہ مسافر کوارنٹائن سے چھوٹ کے لیے درخواست کرتے تھے۔ اس میں کافی وقت لگتا تھا اور ایئرپورٹ کے ایگزٹ گیٹ پر لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں۔


وزارت نے بتایا کہ پرواز کے وقت سے کم از کم 72 گھنٹے قبل ہی سیلف ڈکلیریشن فارم بھی بھرنا ہوگا۔ انھیں یہ اعلان کرنا ہوگا کہ وہ ہندوستان آنے کے بعد 14 دن کوارنٹائن کے ضابطے پر عمل درآمد کریں گے جس میں سے سات دن لازمی طور پر ادارہ جاتی قرنطین کا خرچ وہ خود برداشت کریں گے۔

عالمی سفر کے نئے رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ ہوائی، بحری یا زمینی راستے سے ہندوستان آنے والوں کا یہاں ہیلتھ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ جن مسافروں میں کووِڈ۔19 کی علامت پائی جائے گی انھیں فوراً الگ تھلگ کرکے ہلیتھ سینٹر لے جایا جائے گا۔ اسکریننگ کے بعد چھوٹ پانے والے مسافروں کے علاوہ دیگر تمام مسافروں کو ادارہ جاتی کوارنٹائن میں بھیجا جائے گا۔


مئی سے اب تک مختلف ذرائع سے نو لاکھ سے زیادہ ہندوستانی وطن واپس ہوئے ہیں۔ ہفتے کے روز کل نو لاکھ 14 ہزار 451 افراد وطن لوٹے ہیں۔ ان میں 7,88,280 افراد پرواز سے آئے ہیں۔ کل 5,09,485 مسافر چارٹیڈ طیاروں سے، 2,78,795 مسافر ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازوں سے آئے ہیں۔ ایک لاکھ آٹھ ہزار 949 افراد کو زمینی سرحدوں کے سڑک راستے سے اور 3,987 افراد کو بحریہ کے جہازوں سے سمندر کے راستے لایا گیا ہے۔ دیگر 13,235 افراد دوسرے ذرائع سے آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔