این سی آر بی رپورٹ 2021: جیل میں مسلم قیدیوں کی تعداد گھٹی اور ہندو قیدیوں کی بڑھی!
2020 میں مسلم قیدیوں کی تعداد 20.2 فیصد تھی جو 2021 میں کم ہو کر 18.7 فیصد رہ گئی ہے، اسی طرح ہندو قیدیوں کی تعداد 2020 میں 72.8 فیصد تھی جو 2021 میں بڑھ کر 73.6 فیصد ہو گئی ہے۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے ذریعہ جاری کردہ 2021 کی رپورٹ نے جیل میں بند قیدیوں سے متعلق ایک انتہائی اہم جانکاری سامنے لائی ہے۔ اس رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ جیلوں میں بند مسلم قیدیوں کی تعداد میں پہلے کے مقابلے کمی درج کی گئی ہے، جب کہ ہندو قیدیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2020 میں مسلم قیدیوں کی تعداد 20.2 فیصد تھی جو 2021 میں کم ہو کر 18.7 فیصد رہ گئی ہے۔ اسی طرح ہندوستانی جیلوں میں قید ہندو قیدیوں کی تعداد 2020 میں جہاں 72.8 فیصد تھی، وہیں 2021 میں یہ بڑھ کر 73.6 فیصد ہو گئی ہے۔ این سی آر بی کی اس رپورٹ میں سکھ قیدیوں کی تعداد بھی بڑھی ہوئی بتائی گئی ہے، حالانکہ عیسائی قیدیوں کی تعداد میں کمی کا تذکرہ ہے۔
بہرحال، این سی آر بی رپورٹ میں کئی مزید جانکاریاں قیدیوں سے متعلق سامنے آئی ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ تعلیم یافتہ قیدی اتر پردیش کی جیلوں میں بند ہیں۔ یوپی کی جیلوں میں قیدیوں کو مینجمنٹ کمپیوٹر ٹریننگ اور اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے۔ اس طرح سے ٹریننگ دینے کے معاملے میں یو پی سب سے آگے ہے۔ این سی آر بی کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اتر پردیش کی جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم کے ساتھ کمپیوٹر ٹریننگ، اعلیٰ تعلیم اور تعلیم بالغاں بھی مل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا
رپورٹ کے مطابق 2021 میں 4101 قیدیوں کو مختلف چیزوں کی تربیت دی گئی۔ اس میں جیل میں بند 671 قیدی پوسٹ گریجویٹ ہیں اور 2002 قیدی گریجویٹ۔ علاوہ ازیں 6035 قیدی انٹرمیڈیٹ اور 10245 قیدیوں نے ہائی اسکول پاس کیا ہے۔ 1162 قیدیوں کو کمپیوٹر میں باصلاحیت کرنے کے ساتھ ہی 5292 عمردراز قیدیوں کو خواندہ کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔