ایک تیرا قدم، ایک میرا قدم، مل جائے جڑ جائے اپنا وطن، 'بھارت جوڑو یاترا' مہم کا ٹائٹل سانگ جاری

آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے ہندوستان کو جوڑنا ہے کیونکہ ہندوستان میں بھائی چارہ ختم ہو رہا ہے۔

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی
user

قومی آواز بیورو

بھارت جوڑو یاترا تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوگی اور 12 ریاستوں سے ہوتی ہوئی جموں و کشمیر میں اختتام پذیر ہوگی۔ یاترا کا مقصد سماج سے نفرت کو ختم کرنا اور عوام کے مسائل پر بات کرنا ہے۔ 3500 کلومیٹر پر مشتمل اس یاترا کا سفر تقریباً 150 دن تک جاری رہے گا۔

کانگریس نے 'بھارت جوڑو یاترا' سے پہلے ایک گانا لانچ کیا ہے جس کو بھارت جوڑو یاترا کا اینتھم کہا جا رہا ہے۔ ابھی یہ ہندی میں لانچ کیا گیا ہے اور جلد ہی دوسری زبانوں میں بھی ریلیز کیا جائے گا اور اس گانے کی مرکزی لائن ’ایک تیرا قدم، ایک میرا قدم، مل جائے جڑ جائے اپنا وطن‘ ہے۔


کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے اس گانے کو ریلیز کرتے ہوئے کہا کہ کل مہنگائی پر ریلی تھی اور آج راہل گاندھی گجرات میں ہیں اور پرسوں سے سفر شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت جوڑو یاترا کا براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ جب راہل جی کسانوں، ماہی گیروں اور دوسرے لوگوں سے بات کریں گے تو یہ لائیو ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے ہندوستان کو جوڑنا، کیونکہ ہندوستان میں بھائی چارہ ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہندوستان آج جس دور سے گزر رہا ہے اس کی تین وجوہات ہیں۔ پہلی معاشی عدم مساوات، دوسری سیاسی مرکزیت و اداروں کا غلط استعمال اور تیسرا سماجی پولرائزیشن۔


انہوں نے بتایا کہ 7 ستمبر کو راہل گاندھی یاترا سے پہلے صبح 7 بجے سری پیرمبدور میں راجیو گاندھی میموریل جائیں گے۔ اس کے بعد کنیا کماری کے گاندھی منڈپم میں ایک تمام مذاہب کا دعائیہ اجلاس ہوگا جہاں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن راہل گاندھی کو ترنگا سونپیں گے اور سبھی لیڈر گاندھی منڈپم سے کچھ فاصلے پر جلسہ گاہ تک پیدل چلیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔