سی آئی ایس ایف کو ختم کرنے کی تیاری میں مودی حکومت، سرجے والا نے کہا- تالابندی ہی ہے بی جے پی کا کردار

سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت سیکورٹی ایجنسیوں کی بھرتیوں کو بند کرکے اور عہدوں کو ختم کرکے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلواڑ کر ہی ہے اور دوسری طرف روزگار کے مواقع کو ختم کر رہی ہے۔

رندیپ سرجے والا
رندیپ سرجے والا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت کی پالیسیوں پر حملہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ رندیپ سرجے والا نے سی آئی ایس ایف کے عہدوں کو ختم کرنے کے فیصلے پر مودی حکومت کو گھیرا ہے۔ سورجے والا نے کہا ہے کہ ’تالا بندی‘ ہی بی جے پی کا کردار ہے۔

درحقیقت ایک رپورٹ کے مطابق اب حکومت نے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی میں اہم تبدیلیوں کے عمل کے تحت سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے 3049 آسامیاں ختم کر دی ہیں اور اب ہوائی اڈوں کی سیکورٹی کی ذمہ داری اسمارٹ آلات سے لیس 1924 پرائیویٹ سیکورٹی اہلکاروں کو سونپی جائے گی۔ اس خبر پر ہی سرجے والا نے تبصرہ کیا ہے۔


سرجے والا نے مودی حکومت کے اس اقدام کو تالہ بندی کی تیاری قرار دیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، 'فوج کی بھرتی ختم کرنے کے بعد اب سی آئی ایس ایف جیسی بہادر فورس پر تالا لگانے کی تیاری ہو رہی ہے۔' سرجے والا نے اس دوران اگنی ویر کی بھرتی پر بھی تنقید کی ہے۔ پرائیویٹائزیشن پر اعتراض کرتے ہوئے سرجے والا نے لکھا، ’’مودی حکومت ایک طرف بھرتیاں بند کر کے اور تمام سیکورٹی ایجنسیوں کی پوسٹیں ختم کر کے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیل رہی ہے اور دوسری طرف قومی خدمات اور روزگار کے مواقع کو بند کر رہی ہے‘‘۔

خبر کے مطابق اس وقت 65 سویلین ایئرپورٹس پر ایوی ایشن سیکورٹی گروپ کے 33 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ ان میں سے 3049 آسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ حالانکہ خبروں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس فیصلے سے ہوا بازی کے شعبے میں 1900 سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔