بہار: ریلوے اسٹیشن پر نکسلیوں کا حملہ، اسٹیشن ماسٹر کو بنایا گیا یرغمال
پولیس کی وردی میں نکسلی صبح تقریباً 6 بجے چورا اسٹیشن پہنچے اور اسٹیشن ماسٹر ونے کمار کے کیبن میں گھس گئے۔ انھوں نے ونے کمار کو آپریشن روکنے کا حکم دیا کیونکہ وہ علاقے میں ’نکسلی ہفتہ‘ منا رہے تھے۔
بہار میں نکسلیوں کے ایک گروپ نے ہفتہ کی صبح پٹنہ-کولکاتا لائن پر واقع ایک ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا اور اسٹیشن ماسٹر کو ترقیباً نصف گھنٹے تک یرغمال بنا کر رکھا۔ نکسلیوں نے اسٹیشن کی عمارت کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ چورا ریلوے اسٹیشن کی گھیرابندی کے سبب ریلوے لائن پر 4 گھنٹے سے زیادہ وقت تک ریل کی آمد و رفت متاثر رہی۔ قابل ذکر ہے کہ یہ نکسل متاثر علاقہ جموئی ضلع میں آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کھیلوں کے تئیں نظریہ بدلنے کی ضرورت ہے... سید خرم رضا
خبروں کے مطابق پولیس کی وردی میں نکسلی صبح تقریباً 6 بجے چورا اسٹیشن پہنچے اور اسٹیشن ماسٹر ونے کمار کے کیبن میں گھس گئے۔ انھوں نے ونے کمار کو آپریشن روکنے کا حکم دیا کیونکہ وہ علاقے میں ’نکسلی ہفتہ‘ منا رہے تھے۔ اسٹیشن پر موجود ایک ملازم نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب اسٹیشن ماسٹر نے ان سے پوچھا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں، تو انھوں نے خود کو نکسلی بتایا اور اپنے اسلحے نکال لیے۔ ملازم کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر موجود بیشتر افسران حیران رہ گئے۔ یہ ایک مشکل لمحہ تھا جب انھوں نے اسٹیشن احاطہ کے اندر مسلح نکسلیوں کو دیکھا۔ کچھ وقت بعد حالانکہ اسٹیشن ماسٹر ونے کمار سمیت دیگر افسران وہاں سے بھاگنے میں کامیاب رہے۔
جموئی کے سپرنٹڈنٹ پرمود کمار منڈل نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے ریلوے ٹریک اور ریلوے اسٹیشن سمیت پورے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی ہے اور پھر ریلوے افسران کو اس راستہ پر آمد و رفت پھر سے شروع کرنے کے لیے ہری جھنڈی دے دی ہے۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ راستے میں مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر ہمگری ایکسپریس جیسی اہم ٹرینوں کو روک دیا گیا تھا، لیکن اب سب ٹھیک ہے۔ پولیس اور سی آر پی ایف افسران نے پورے علاقے کی جانچ کی اور ہری جھنڈی دینے کے بعد ریل آمد و رفت کو معمول کے مطابق پھر سے شروع کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔