’نریندر مودی ہار کے ڈر سے کانپ رہے ہیں‘۔ راہل گاندھی کا پی ایم مودی پر شدید حملہ

راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جیسے ہی میں نے ملک کے ایکسرے کی بات کی نریندر مودی کانپنے لگے۔ ان کی عادت ہے جیسے ہی ان کو ڈر لگنے لگتا ہے وہ جھوٹ بولنا شروع کر دیتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی /&nbsp; ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کل (26 اپریل) کو ہونی ہے اور کل شام کو اس کی انتخابی مہم کا شور تھم گیا۔ اسی کے ساتھ تیسرے مرحلے کی تیاری بھی شروع ہو گئی ہے۔ مگر اس تیاری کے آغاز پر ہی کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر شدید حملہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ نریندر مودی خوف سے کانپ رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ وہ یہ الیکشن ہارنے والے ہیں اس لیے وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ہے کہ نریندر مودی شکست کے خوف سے کانپ رہے ہیں، اسی لیے وہ ایک کے بعد ایک جھوٹ بول رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ہندوستانی عوام سمجھ چکے ہیں کہ نریندر مودی غریبوں کے نہیں ارب پتیوں کے لیڈر ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ہندوستان کے لوگ آئین کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ الیکشن ان کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔


راہل گاندھی نے مزید کہا ہے الیکٹورل بانڈ میں اتنی چوری ہوئی ہے کہ وہ انتخابات کے بعد مشکل میں پڑ جائیں گے۔ جیسے ہی میں نے ملک کے ایکسرے کی بات کی، نریندر مودی کانپنے لگے۔ ان کی عادت ہے جیسے ہی ان کو ڈر لگنے لگتا ہے وہ جھوٹ بولنا شروع کر دیتے ہیں۔ وہ کبھی پاکستان کی بات کرتے ہیں تو کبھی چین کی۔ وہ ایک کے بعد ایک جھوٹ بولے جا رہے ہیں، مگر اس بار نکل نہیں پائیں گے۔

کانگریس کے لیڈر نے مزید کہا ہے کہ ذات پر مبنی مردم شماری ان کا عزم ہے اور وہ اسے مکمل کریں گے۔ اس راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا کیونکہ یہ ان کی سیاست نہیں بلکہ مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ او بی سی برادری پوچھ رہی ہے کہ رام مندر بن گیا، پی ایم مودی نے پران پرتشٹھا بھی کر لی لیکن اس میں او بی سی برادری کی حصہ داری کیوں نہیں تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔