مودی کے چہیتے صنعتکار کے دستاویزات پر آنکھ بند کرکے دستخط کرنے والے کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا: نانا پٹولے
نانا پٹولے نے کہا کہ ای وی ایم میں گڑبڑی کی باتیں ہو رہی ہیں۔ رائے دہندگان کا کہنا ہے کہ ووٹ ایک کو دیا جاتا ہے اور ملتا دوسرے کو ہے جبکہ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ یہ ثابت کریں۔
مہاراشٹر کی عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادیوں کو بھاری اکثریت دی ہے، ایسے میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں وقت لگنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ لیکن بی جے پی اتحاد کو مہاراشٹر عوام کی کوئی فکر نہیں۔ ان کی ترجیح مہاراشٹر کو بیچنے والی شخصیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے چہیتے صنعتکار دوست کے کاغذات پر آنکھ بند کرکے دستخط کرنے والے شخص کو ہی مہاراشٹر کا وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا اور اسی لیے اس میں تاخیر ہو رہی ہے۔ یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی۔
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے دہلی میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ناندیڑ سے نو منتخب رکنِ پارلیمنٹ پروفیسر رویندر وسنت راؤ چوہان سمیت مہاراشٹر کے دیگر کانگریسی اراکینِ پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔
اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر سے ملاقات کے دوران مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج سے متعلق معلومات دی گئی ہیں۔ یہ نتیجہ غیر متوقع ہے اور عوام کو بھی منظور نہیں۔ عوامی جذبات مختلف ہیں اور کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ان جذبات کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای وی ایم میں گڑبڑی کی باتیں ہو رہی ہیں۔ رائے دہندگان کا کہنا ہے کہ ووٹ ایک کو دیا جاتا ہے اور ملتا دوسرے کو ہے جبکہ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ یہ ثابت کریں۔ اس لیے ای وی ایم کے خلاف ایک عوامی تحریک شروع کی جانی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔