نتیش کمار اور نریندر مودی کے نام پر کالونیوں کا نام رکھنا غیر اخلاقی: شیوانند تیواری
آر جے ڈی نائب صدر شیوانند تیواری نے بہار میں کالونیوں کا نام نتیش کمار اور نریندر مودی کے نام پر رکھے جانے سے متعلق فیصلہ پر ہفتہ کے روز سوال اٹھایا۔
آر جے ڈی نائب صدر شیوانند تیواری نے بہار میں کالونیوں کا نام نتیش کمار اور نریندر مودی کے نام پر رکھے جانے سے متعلق فیصلہ پر ہفتہ کے روز سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہار حکومت کے ذریعہ بے زمینوں کو مکان بنانے اور رہائشی سوسائٹیوں کی ترقی کے لیے زمین مہیا کرانے کا فیصلہ درست ہے، لیکن جس طریقے سے وہ اس کا سہرا لینا چاہتے ہیں وہ بالکل غلط ہے۔
شیوانند تیواری نے کہا کہ ’’ریاستی حکومت کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر کالونیوں کے نام رکھنے کے اپنے فیصلے پر از سر نو غور کرنا چاہیے۔ زندہ اشخاص، خصوصاً وزیر اعلیٰ یا وزیر اعظم کے نام پر حکومت کی پیش قدمی کا سہرا دینا غیر اخلاقی ہے، کیونکہ اس میں ٹیکس دہندگان کی کمائی شامل ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کئی معزز لیڈران ہیں، مثلاً پہلے دلت کوی ہیرا ڈوم، جگلال چودھری (جن کے بیٹے کو برطانوی فوج نے گولی مار دی تھی)، سابق وزیر اعلیٰ بھولا پاسوان شاستری، دشرتھ مانجھی، سابق نائب وزیر اعظم بابو جگجیون رام اور بہار کے دیگر لیڈران جو اعزاز کے لائق ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو مانسون اجلاس کے آخری دن زمین سدھار اور ریونیو کے وزیر رام صورت رائے نے ریاست کے ہر ضلع میں بے زمین لوگوں کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی کے نام سے دو رہائشی کالونیوں کی تعمیر کا اعلان کیا۔ رام صورت رائے نے کہا کہ کالونیوں کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے۔ بانکا میں پہلی دو کالونیاں تیار کی جائیں گی جہاں ریاستی حکومت ہر بے زمین کو تین تین ڈسمل پلاٹ رقم اور بنیادی سہولیات کے ساتھ الاٹ کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔