اتر پردیش: کانپور باشندے راجو شریواستو کو کبھی نہیں بھولیں گے، دو سڑکوں اور ایک پارک کو دیا جائے گا ان کا نام

کونسلر کمل شکلا بے بی، مہندر پانڈے اور سنیل قنوجیا نے دو سڑکوں اور ایک پارک کا نام آنجہانی راجیو شریواستو کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔

راجو شریواستو، تصویر آئی اے این ایس
راجو شریواستو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش واقع کانپور کے میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر کی دو سڑکوں اور ایک پارک کا نام آنجہانی کامیڈین راجو شریواستو کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کے ایم سی ذرائع کے مطابق ان کے گھر کے سامنے واقع پارک میں ان کا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا۔ کونسلر کمل شکلا بے بی، مہندر پانڈے اور سنیل قنوجیا نے دو سڑکوں اور ایک پارک کا نام آنجہانی کامیڈین راجو شریواستو کے نام پر رکھنے کی تجویز رکھی۔ ایک سڑک قدوئی نگر میں ان کی رہائش کے سامنے والی ہے اور دوسری سوروپ نگر میں بھولیشور مندر کے پاس واقع ہے اور پارک بھی ان کے گھر کے پاس ہی موجود ہے۔

راجو شریواستو کا اصل نام ستیہ پرکاش شریواستو تھا اور انھیں گجودھر بھیا کے نام سے جانا جاتا تھا۔ انھیں سماجوادی پارٹی نے 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں کانپور سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا تھا، لیکن انھوں نے ٹکٹ واپس کر دیا تھا۔ بعد میں وہ اسی سال بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ وہ اتر پردیش فلم ڈیولپمنٹ کونسل کے سربراہ بھی تھے۔


واضھ رہے کہ کانپور کے قدوئی نگر علاقے میں رہنے والے مشہور کامیڈین راجو شریواستو کا 21 ستمبر کو 58 سال کی عمر میں دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں انتقال ہو گیا تھا۔ 10 اگست کو جم میں ورزش کرنے کے دوران دورۂ قلب کے بعد سے وہ 41 دن تک اسپتال کے آئی سی یو میں زندگی اور موت سے جنگ لڑتے رہے، اور بالآخر 21 ستمبر کو اس جنگ میں وہ شکست کھا گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔