حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا میرا مقصد: معینہ بے نظیر
حج کمیٹی آف انڈیا کی پہلی مسلم خاتون سی ای او نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد کہا کہ حج آپریشن کو آسان بنانے کے ساتھ سابقہ کاموں کو جاری رکھتے ہوئے ہر طرح کی جدت پسندی لانے کی کوشش کی جائے گی۔
ممبئی: ممبئی حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات بہم پہچانا میرا مقصد ہے اور اس میں ہر طرح کی جدت لانے کی بھی کوشش کی جائے گی، تاکہ حجاج کرام سفر حج کے دوران دشواریوں سے محفوظ رہیں، گزشتہ دو سال سے کورونا کے سبب حج محدود کر دیا گیا تھا، لیکن امید ہے کہ آئندہ سال حج ہوگا اس قسم کا اظہار خیالات آج یہاں حج کمیٹی آف انڈیا کی پہلی مسلم خاتون چیف ایگزیکٹیو افسر سی ای او معینہ بے نظیر نے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سماج کو سیاسی مذہب کی ضرورت نہیں ہے: سید خرم رضا
پہلی مسلم خاتون سی ای او نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج آپریشن کو آسان بنانے کے ساتھ سابقہ کاموں کو جاری رکھتے ہوئے ہر طرح کی جدت پسندی لانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ نظام میں تبدیلی بھی ممکن ہے جبکہ حج آپریشن برسوں سے جاری ہے ایسے میں کچھ نئی تبدیلی بھی رونما ہوئی ہیں جیسے کہ حج نظام میں ڈیجیٹل نظام بھی اب وقت کی ضرورت ہے جو بخوبی انجام دیا جا رہا ہے۔ معینہ بے نظیر اقلیتی محکمہ کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ ڈائریکٹر حج بھی ہیں اسی لئے انہیں عبوری سی ای او کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
معینہ بے نظیر نے کہا کہ اقلیتی محکمہ کے ذریعہ کئی ایسی اسکیم بھی نافذ العمل ہیں جس میں اقلیتی طلباء و طالبات کو کافی فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے 2008ء سے نیا سویرا اسکیم بھی نافذ العمل ہے لیکن یہ اسکیم زیادہ مقبول نہ ہونے کی وجہ سے اس کا فائدہ اقلیتیں اٹھانے سے قاصر رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کے ساتھ سرکاری نوکریوں میں حصہ داری کے لئے تیار رہنا چاہئے اور سرکار انہیں قومی دھارے میں لانے کی ہر ممکن کوشش بھی کر رہی ہے، یہ سرکار کا خلوص ہے کہ اقلیتیں آگے بڑھیں اور ترقی کریں۔
بے نظیر نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو کام حج کمیٹی آف انڈیا میں جاری ہے اسے مزید تقویت پہنچانے کی میں ہر ممکن کوشش کروں گی اس سلسلے میں عملہ اور ماتحتوں کا تعاون بھی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شفاف نظام کے ساتھ کام کرنا ازحد ضروری ہے اس لئے وہ تمام کاموں کو جائزہ لینے کے بعد عملہ سے بھی میٹنگوں کا دور شروع کر چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا میں مقابلہ جاتی امتحانات کی کلاسیز بھی جاری ہیں جس میں سرکار کا تعاون بھی شامل حال ہے، ایسے میں ان کلاسیز کے ذریعہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تقویت پہنچانا بھی ضروری ہے تاکہ اگر وہ مقابلہ جاتی امتحانات میں شریک ہوتے ہیں تو ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے یہ ممکن نہیں کہ ہر کوئی کامیاب ہی ہوجائے لیکن ایسے طلبا جو مقابلہ جاتی امتحانات میں حصہ لیتے ہیں وہ قومی دھارے میں شامل ہوسکتے ہیں اور کسی بھی سرکاری نوکری میں انہیں حصہ داری مل سکتی ہے۔
معینہ بے نظیر نے چارج سنبھالنے کے بعد آج حج کمیٹی آف انڈیا میں اپنے تمام عملہ کی ایک میٹنگ بھی منعقد کی جس میں حج سے متعلق آپریشن اور دیگر چیزوں کا جائزہ بھی لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔