ممتا بنرجی کی روایتی سیٹ بھوانی پور کے لئے ضمنی انتخاب کا اعلان، 31 سیٹوں کے انتخابات مؤخر
ترنمول کانگریس کی سربراہ بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتر سکتی ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر 31 دیگر سیٹوں پر انتخابات کو مؤخر کر دیا ہے۔
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ مغربی بنگال کی بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب 30 ستمبر کو کرائے جائیں گے۔ بھوانی پور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی روایتی سیٹ ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی تین اکتوبر کو کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ 30 ستمبر کو ہی مغربی بنگال کے شمشیر گنج، جنگی پور اور اوڈیشہ کے پیپلی میں بھی ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتر سکتی ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر 31 دیگر سیٹوں پر انتخابات کو مؤخر کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’’آئینی تقاضوں اور مغربی بنگال کی خصوصی درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے، اسمبلی حلقہ 159- بھوانی پور کے لیے ضمنی انتخاب کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر بہت سخت اصول بنائے گئے ہیں۔"
یہ بھی پڑھیں : سماج کو سیاسی مذہب کی ضرورت نہیں ہے: سید خرم رضا
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ ’’متعلقہ ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور چیف الیکٹورل آفیسرز کے خیالات اور آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر 31 اسمبلی حلقوں اور 3 پارلیمانی حلقوں میں ضمنی انتخابات نہیں کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
خیال رہے کہ اپریل - مئی میں اختتام پذیر ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور 294 میں سے 213 نشستیں جیت لی تھیں۔ تاہم ممتا بنرجی نندی گرام سیٹ ہار گئی تھیں۔ ایک وقت میں ممتا بنرجی کے خاص رہے اور فی الحال بی جے پی کے لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے ممتا کو شکست دی تھی۔
مئی میں انتخابی نتائج کے اعلان کے چند دن بعد ترنمول کانگریس نے کہا تھا کہ بھوانی پور سے جیتنے والے ایم ایل اے شوبھن دیو چٹوپادھیائے نے ممتا بنرجی کے الیکشن لڑنے کے لیے اپنی نشست چھوڑ دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔