بدلاپور واقعہ کے خلاف ایم وی اے کا احتجاج، دھرنے پر بیٹھے شرد پوار، عدالت نے بند کی نہیں دی اجازت

مہا وکاس اگھاڑی نے آج مہاراشٹر بند کی کال دی تھی۔ تاہم بامبے ہائی کورٹ نے اس پر پابندی لگا دی، جس کے بعد ایم وی اے پارٹیوں نے پونے میں احتجاج کیا

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار)، کانگریس اور شیو سینا (یو بی ٹی) نے بدلاپور کے اسکول میں لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ اس سلسلے میں ان جماعتوں کے اتحاد مہا وکاس اگھاڑی نے آج مہاراشٹر بند کی کال دی تھی۔ تاہم بامبے ہائی کورٹ نے اس پر پابندی لگا دی، جس کے بعد ایم وی اے پارٹیوں نے پونے میں احتجاج کیا۔ شرد پوار پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ سیاہ پٹی باندھ کر دھرنے پر بیٹھے۔ سپریا سولے بھی ان کے ساتھ موجود رہیں۔

اس معاملے میں مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن اسمبلی وجے وڈیٹیوار نے کہا، ’’ریاست میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ ہم حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر عوامی تحریک کے باوجود ریاست میں ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں جرائم پر کوئی کنٹرول نہیں ہے اور مجرموں میں کوئی خوف نہیں۔‘‘


دریں اثنا، شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت نے کہا، ’’مہا وکاس اگھاڑی نے خواتین پر مظالم کے خلاف بند کی کال دی تھی۔ عدالت نے ایسا نہ کرنے کو کہا ہے۔ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن ہم احتجاج کریں گے۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا ملک کر احتجاج کریں گے۔ ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہماری لڑائی جاری رہے گی۔‘‘

قبل ازیں، بمبئی ہائی کورٹ نے جمعہ کو سیاسی جماعتوں پر 24 اگست یا اس کے بعد کی کسی بھی تاریخ کو مہاراشٹر بند کا اہتمام کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کے مظاہروں کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوگی۔ بنچ نے جولائی 2004 کے ہائی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا، جس میں اس نے کہا تھا کہ بند یا ہڑتال کو غیر آئینی عمل تصور کیا جائے گا۔


دراصل، اپوزیشن اتحاد مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) نے تھانے ضلع کے بدلاپور کے ایک اسکول میں دو بچیوں کی جنسی ہراسانی کے خلاف 24 اگست کو ریاست گیر بند کی کال دی تھی۔ ایم وی اے کانگریس، این سی پی (شرد چندر پوار) اور شیو سینا (یو بی ٹی) پر مشتمل ہے۔ اس پر ہائی کورٹ کا تفصیلی حکم شام کو سامنے آیا۔ اس دوران شرد پوار نے بند کو واپس لینے کی اپیل کی، جبکہ کانگریس نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر صرف پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔