فٹ پاتھ پر زندگی گزار رہے انکت اور پالتو کتے کی تصویر دیکھ کئی لوگوں کی آنکھیں نم!
9 سالہ انکت اور اس کے پالتو کتے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مظفر نگر ایس ایس پی نے لڑکے کو تلاش کیا اور پھر محکمہ اطفال و خواتین فلاح نے اسے اپنی نگرانی میں لے لیا۔
اتر پردیش کے مظفر نگر میں فٹ پاتھ پر زندگی گزار رہے بے گھر بچے انکت اور اس کے کتّے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی لوگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ انکت اور اس کے کتے کی کہانی سامنے آنے کے بعد کئی لوگ بچے کو گود لینے کے لیے آگے بھی آئے ہیں۔ دراصل انکت اور اس کا کتّا اس وقت موضوعِ بحث بنا جب کسی نے اس کی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔ تصویر میں انکت اپنے کتے کے ساتھ کمبل اوڑھ کر فٹ پاتھ پر سو رہا تھا۔
اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد مظفر نگر ایس ایس پی نے لڑکے کی تلاش شروع کر دی اور جلد ہی انھیں اس میں کامیابی بھی مل گئی۔ جب محکمہ اطفال و خواتین فلاح کو پتہ چلا کہ مظفر نگر ایس ایس پی نے انکت کو تلاش کر لیا ہے، تو انہوں نے بچے کو اپنی نگرانی میں لے لیا۔ تقریباً 9 سال کی عمر والے انکت کی اس وقت کاؤنسلنگ کی جا رہی ہے اور انتظامیہ اسے مین اسٹریم میں لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
محکمہ اطفال و خواتین فلاح کے چیف افسر محمد مشفقین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’’بچے کے ضلع پولس کی دیکھ ریکھ میں ہونے کی جانکاری ملنے کے بعد ہم اسے اپنی نگرانی میں لے آئے ہیں۔ وہ اب ایک شیلٹر ہوم میں رہ رہا ہے اور اس کی کاؤنسلنگ کی جا رہی ہے۔ کچھ لوگوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے اور وہ بچے کو گود لینے کے خواہشمند ہیں۔ ہم انھیں سرکار کی پالیسی کے تحت کسی ایسی فیملی کو دے سکتے ہیں۔ لیکن سب سے پہلے ہمیں بچے کے گھر والوں کے بارے میں پتہ لگانا ہوگا۔‘‘
اس درمیان پولس محکمہ انکت کو ماڈرن پولس اسکول میں داخل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، کیونکہ نجی ادارے اس لڑکے کو اسکول میں داخل کرنے کے لیے خواہشمند نہیں ہیں۔ انکت کبھی اسکول نہیں گیا ہے۔ مظفر نگر کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) ابھشیک یادو نے ایس ایچ او انل کپروان سے کہا کہ اگر کوئی ان کی مدد کے لیے نہیں آتا ہے تو وہ لڑکے کو ماڈرن پولس اسکول میں بھیج دیں گے۔
بتایا جاتا ہے کہ انکت کو اس سلسلے میں کچھ بھی یاد نہیں کہ وہ کہاں سے تعلق رکھتا ہے، سوائے اس بات کے کہ اس کے والد جیل میں ہیں اور اس کی ماں نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ وہ چائے کے اسٹالوں پر کام کر کے اور غبارے بیچ کر اپنا پیٹ بھرتا ہے۔ وہ اپنے دوست ڈینی کے ساتھ فٹ پاتھ پر سوتا ہے۔ ڈینی ایک کتا ہے جو ہمیشہ انکت کے ساتھ رہتا ہے۔ وہ اپنی کمائی کا استعمال خود اور اپنے پالتو کتے کا پیٹ بھرنے کے لیے کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔