اہانت رسولؐ معاملہ: ممبئی پولیس نے نوپور شرما کو 25 جون کو کیا طلب

ممبئی پولیس نے بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کو پیغمبر محمد پر ان کے قابل اعتراض تبصرہ کے تعلق سے نوٹس بھیجا ہے، نوپور شرما کو 25 جون کو بیان درج کرانے کے لیے ممبئی پولیس کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

نوپور شرما
نوپور شرما
user

قومی آواز بیورو

ممبئی پولیس نے بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کو پیغمبر محمد پر ان کے قابل اعتراض تبصرہ کے تعلق سے نوٹس بھیجا ہے۔ نوپور شرما کو 25 جون کو بیان درج کرانے کے لیے ممبئی پولیس کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ ایک پولیس ذرائع نے کہا کہ ’’ممبئی پولیس نے نوٹس جاری کیا ہے اور انھیں پائدھونی پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔‘‘ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ رضا اکیڈمی کی شکایت پر پائدھونی پولیس اسٹیشن نے نوپور شرما کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔

واضح رہے کہ مئی 2022 کے آخری ہفتہ میں ایک ٹی وی مباحثے کے دوران نوپور شرما نے مذہب اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف نازیبا کلمات کہے تھے۔ اس کے بعد عالمی سطح پر ہندوستان کی کافی بدنامی ہوئی اور کئی ممالک میں حکومت ہند کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ عالمی سطح پر نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے بیانات کی تنقید ہونے پر بی جے پی نے پارٹی ترجمان نوپور شرما کو معطل کر دیا اور نوین کمار جندل کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ اس کارروائی کے باوجود ملک و بیرون ممالک میں نوپور اور نوین کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے خلاف ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں کئی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ حالانکہ ان دونوں نے ہی اہانت رسولؐ سے مسلم طبقہ کے جذبات مجروح ہونے پر معافی مانگ لی تھی، لیکن لوگ ان کے خلاف کارروائی کا لگاتار مطالبہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔