مغربی بنگال تشدد: ہوڑہ کے بعد بیلڈانگا اور مرشد آباد میں بھی انٹرنیٹ بند
ممتا بنرجی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی کے گناہوں کی سزا عام آدمی کو کیوں بھگتنی پڑ رہی ہے، ہوڑہ تشدد کے پیچھے کچھ سیاسی پارٹیاں ہیں، فساد بھڑکانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
نوپور شرما کے متنازعہ بیان کو لے کر مغربی بنگال میں لگاتار دوسرے دن پرتشدد مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور نوپور شرما کے ساتھ ساتھ نوین کمار جندل کے خلاف نعرے بازی کی۔ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑنے کی ضرورت پڑی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ہوڑہ کے پنچلا بازار میں حالات کشیدہ ہیں اور پولیس مستعدی کے ساتھ چپے چپے پر نظر رکھ رہی ہے۔ ہوڑہ میں انٹرنیٹ بند کرنے کی خبریں پہلے ہی سامنے آ چکی ہیں، اور اب بیلڈانگا اور مرشد آباد میں بھی انٹرنیٹ بند کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ یہ حکم 14 جون کی صبح 6 بجے تک کے لیے نافذ العمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خدارا جوش نہیں ہوش سے کام لیجیے...ظفر آغا
تشدد کے مدنظر ہوڑہ کے قومی شاہراہوں اور ریلوے اسٹیشنوں کے آس پاس دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ افسران نے بتایا کہ 15 جون تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ اس درمیان ممتا حکومت نے تشدد کے بعد ہوڑہ پولیس کمشنر کو ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی پی ایس پروین ترپاٹھی کو ہوڑہ کا نیا پولیس کمشنر بنایا گیا ہے۔ آئی پی ایس سواتی بھنگیا ہوڑہ دیہی کی نئی ایس پی ہوں گی۔
مغربی بنگال میں جگہ جگہ ہو رہے تشدد کے واقعہ پر ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کے گناہوں کی سزا عام آدمی کو کیوں بھگتنی پڑ رہی ہے! انھوں نے مزید کہا کہ ہوڑہ تشدد کے پیچھے کچھ سیاسی پارٹیاں ہیں، فساد بھڑکانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔