ممبئی کی عدالت نے سنجے راؤت کی ای ڈی ریمانڈ میں کی 8 اگست تک توسیع
مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں پیر کو علی الصبح گرفتار کئے گئے سنجے راؤت کو خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں 4 اگست تک ای ڈی کی تحویل میں بھیجا گیا تھا۔
ممبئی: ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے جمعرات کو شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحویل میں 8 اگست تک چار دن کی توسیع کر دی۔ قبل ازیں، مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں پیر کو علی الصبح گرفتار کئے گئے سنجے راؤت کو خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں 4 اگست تک ای ڈی کی تحویل میں بھیجا گیا تھا۔
ای ڈی نے راؤت کی تحویل میں 10 اگست تک توسیع کی درخواست کی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے کچھ دستاویزات موصول ہوئے ہیں اور وہ اس معاملے میں دیگر ملزمان کی جانچ کے علاوہ متعلقہ معاملات کی جانچ کرنا چاہتی ہے۔
سماعت کے دوران راؤت اور ان کے وکیل اشوک مندرگی نے خصوصی جج ایم جی دیش پانڈے کو جیل کے سیل میں وینٹیلیشن کی کمی کے بارے میں بتایا لیکن ای ڈی کے وکلا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایئرکنڈیشنڈ سیل میں رکھا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ ای ڈی نے اتوار کی صبح بھنڈوپ میں راؤت کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد ایجنسی کے دفتر میں مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیے جانے سے پہلے تقریباً 10 گھنٹے تک ان کے گھر پر پوچھ گچھ کی گئی اور بالآخر پیر کی آدھی رات کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔