ملائم سنگھ یادو کا ’اَستھی وِسرجن‘ پریاگ راج کے سنگم میں اختتام پذیر، اکھلیش یادو سمیت ملائم کنبہ کے کئی افراد رہے موجود
اکھلیش یادو کے پرسنل سکریٹری گنگا رام نے ضلع اور پولیس انتظامیہ کو پہلے ہی اس پورے پروگرام کی تفصیلی جانکاری ایک خط کے ذریعہ سے دے دی تھی۔
سماجوادی پارٹی کے نگراں رہے ملائم سنگھ یادو کا ’اَستھی وِسرجن‘ آج پریاگ راج واقع سنگم میں کیا گیا۔ اپنے والد کا ’اَستھی کلش‘ لے کر سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو بدھ کی صبح پریاگ راج پہنچ گئے تھے اور پھر ملائم کنبہ کے اہم افراد کی موجودگی میں گنگا-جمنا کے سنگم پر ملائم سنگھ کی استھیوں (باقیات) کو بہا دیا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 11.40 بجے اکھلیش یادو اَستھی کلش لے کر پرائیویٹ طیارہ سے بمرولی ایئرپورٹ پہنچے۔ یہاں سے بذریعہ سڑک سنگم پہنچے اور اَستھی کلش کو سنگم پر ’وِسرجت‘ (بہا) کر دیا۔ اکھلیش یادو کے پرسنل سکریٹری گنگا رام نے ضلع اور پولیس انتظامیہ کو پہلے ہی اس پورے پروگرام کی تفصیلی جانکاری ایک خط کے ذریعہ سے دے دی تھی۔ پریاگ راج کے سماجوادی پارٹی ضلع صدر یوگیش یادو نے استھی وِسرجن سے متعلق پوری تیاری اکھلیش یادو کے پہنچنے سے قبل پوری کروا دی تھی۔
واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو طویل علالت کے بعد 10 اکتوبر کو انتقال کر گئے تھے۔ گزشتہ 17 اکتوبر کو ان کے بیٹے اکھلیش یادو اور بہو ڈمپل سمیت ملائم کنبہ کے 20 لوگ ہریدوار پہنچے اور نیتا جی کی استھی وِسرجن کے ساتھ آخری رسومات پوری کی۔ اس دوران اکھلیش کے ساتھ چچا شیوپال یادو اور کنبہ کے دیگر افراد ہر قدم پر ساتھ رہے۔
ہریدوار میں استھی وِسرجن کے بعد ملائم سنگھ کے چھوٹے بھائی شیوپال سنگھ یادو نے بتایا تھا کہ نیتا جی ان کے والد کے برابر تھے۔ ملائم سنگھ کی آخری خواہش تھی کہ ان کی آخری رسومات کے وقت پورا کنبہ ایک ساتھ رہے۔ ان کی یہی خواہش پوری کرنے کے لیے شیوپال یادو سمیت ملائم سنگھ کے سبھی بھائی-بھتیجے ساتھ ہیں۔ ملائم سنگھ کی آخری رسومات کے بعد اب بھی پورا سیفئی گاؤں غم میں ڈوبا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔