ملکارجن کھڑگے کانگریس کے صدارتی انتخاب میں کامیاب، ششی تھرور نے دی مبارک باد
کانگریس کے 80 سالہ لیڈر ملکارجن کھڑگے نے انتخاب کے دوران 7897 ووٹ حاصل کئے، جبکہ دوسرے امیدوار ششی تھرور کو 1072 ووٹ ہی حاصل ہو ئے۔
نئی دہلی: ملک کی قدیم ترین سیاسی جماعت نے اپنے مضبوط جمہوری نظام کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے صدر کا انتخاب کر لیا ہے۔ آج ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے بعد جاری کئے گئے نتیجہ کے مطابق صدارتی امیدوار ملکارجن کھڑگے نے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ انہیں دوسرے صدارتی امیدوار ششی تھرور نے جیت کی مبارک باد پیش کی۔
کانگریس کے 80 سالہ لیڈر ملکارجن کھڑگے نے انتخاب کے دوران 7897 ووٹ حاصل کئے، جبکہ دوسرے امیدوار ششی تھرور کو 1072 ووٹ ہی حاصل ہو ئے۔ صدارتی انتخاب کے دوران کل 9385 ووٹ ڈالے گئے گئے، جن میں سے 416 ووٹوں کو منسوخ قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب گاندھی خاندان کا کوئی رکن صدارتی عہدے تک نہیں پہنچا۔ اس سے پہلے سیتارام کیسری ایسے صدر تھے جو گاندھی خاندان سے نہیں تھے۔ کانگریس کے صدر دفتر پر کھڑگے کی جیت کا جشن شروع ہو چکا ہے اور ان کے حامی ڈھول کی تھاپ پر جشن منا رہے ہیں۔
دریں اثنا، ششی تھرور نے ملکارجن کھڑگے کو جیت کی مبارک باد پیش کی اور کہا ’’یہ کافی احترام اور اہم ذمہ داری کا عہدہ ہے۔ میں کھڑگے جی کو ان کی جیت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘ ملکارجن کھڑگے کو اس کے علاوہ دیگر پارٹی لیدران نے بھی مبارک باد پیش کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔