محرم الحرام: ممبئی میں جلوس نکالنے کی مشروط اجازت سے متعلق خبر جھوٹی
سوشل میڈیا پر ایسے پوسٹ تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ممبئی میں تعزیہ و جلوس نکالنے کی مشروط اجازت مل گئی ہے، لیکن ممبئی پولس نے اس کی واضح الفاظ میں تردید کر دی ہے۔
ممبئی: "ممبئی شہر میں محرم الحرام میں جلوس کی اجازت نہیں د ی گئی ہے۔ مشروط اجازت سے متعلق سوشل میڈیاپر جاری پیغام گمراہ کن اور جھوٹا ہے اس لئے اس پر مسلمان اعتبار نہ کریں اور گھروں پر ہی محرم الحرام منائیں۔" یہ اپیل ممبئی پولس نے مسلمانوں سے کی ہے۔
دراصل سوشل میڈیا پر ایسے پوسٹ تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ممبئی میں تعزیہ و جلوس نکالنے کی مشروط اجازت مل گئی ہے۔ لیکن ممبئی پولس نے واضح کر دیا ہے کہ عروس البلاد ممبئی میں محرم الحرام کے موقع پر ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں عاشورہ میں جلوس کی اجازت سے متعلق جو پیغامات عام ہو رہے ہیں وہ گمراہ کن اور سراسر جھوٹ ہے۔ البتہ مسلم تنظیموں اور اہل تشیع حضرات نے مجالس وعظ،تعزیہ داری، علمداری اورعزاداری کے لئے آخری ایام میں اجازت طلب کی ہے لیکن اانتظامیہ نے اب تک اس معاملہ میں کوئی اجازت نہیں دی ہے اور نہ ہی اس معاملہ میں اب تک کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ جو افواہ اورگمراہ کن پیغام عام کیا جارہا ہے کہ چار دنوں کے لئے مشروط اجازت دیدی گئی ہے یہ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محرم کے موقع پر تعزیہ داری کی اجازت کے مطالبہ نے پکڑا زور
قابل ذکر ہے کہ پہلے بھی چند مسلم تنظیموں نے بھی آخری ایام میں محرم کی مجالس اور جلوس کے لئے اجازت طلب کی تھی اور کہا تھا کہ مشروط اجازت دی جائے تاکہ واقعہ کربلا بیان کیا جائے لیکن ا س پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس لئے اجازت نامہ سے متعلق گمراہ کن جو پیغام عام کیا جا رہا ہے اسے شیئر کرنے سے لوگوں کو گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کی تردید باضابطہ ممبئی پولس کے ڈی سی پی زون اول سنگرام نشاندار نے کی ہے۔
سنگرام نشاندار نے بتایاکہ محرم الحرام میں جلوس اورمجالس عزاداری اورماتمی اجتماع اورتعزیہ داری کے متعلق کچھ لوگ اور عناصر افواہ پھیلا رہے ہیں کہ 7,8,9,10 محرم کے جلوس کے لئے 200 جانثاراں حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی مشروط اجازت فراہم ہوئی ہے ۔ممبئی میں کورونا کے پھیلاؤ کے خطرہ کے سبب سرکار اورپولس نے ایسے کسی بھی پروگرام یا جلوس کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس لئے وہاٹس اپ اور سوشل میڈیا پر جاری اس طرح کے پیغامات پر اعتماد نہ کریں۔ یہ گمراہ کن پیغام بدامنی پیدا کرنے کی ایک سازش کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔
نشاندار نے واضح لفظوں میں کہا کہ کورونا وائرس کی گائیڈ لائن کے سبب کسی بھی جلوس کو ممبئی پولس نے اجازت نہیں دی ہے، اس لئے سبھی مسلمان محرم اپنے گھر پر ہی منائیں، پولس اورانتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ ممبئی کی جے جے پولس اور ڈونگری پولس نے بھی یہ اپیل کی ہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔