’یوروپی یونین میں 92 ملین سے زائد افرادغربت کا شکار‘
رپورٹ کے مطابق یورپی یونین میں ہر 5 میں سے ایک شخص یا مجموعی آبادی کا 21.1 فیصد 2019 میں غریب ہونے اور اس کے نتیجے میں سماجی اخراج کے خطرے کا سامنا کر رہا ہے۔
بروسیلز: اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یوروپی یونین میں 92 ملین سے زائد افراد غربت کا شکار ہیں۔ آج یہ رپورٹ یورپی یونی کی راجدھانی بروسیلز میں جاری کی گئی۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انتہائی غربت و ہیومن رائٹس اولیوئیر ڈی سخوتر نے بروسیلز پریس کلب میں ایک آن لائن پریس کانفرنس میں جاری کی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4.35 لاکھ سے زائد
اس رپورٹ کے مطابق یورپی یونین میں ہر 5 میں سے ایک شخص یا مجموعی آبادی کا 21.1 فیصد 2019 میں غریب ہونے اور اس کے نتیجے میں سماجی اخراج کے خطرے کا سامنا کر رہا ہے۔ ان اعداد و شمار کے حساب سے یہ تعداد 92.4 ملین افراد بنتی ہے۔ اس میں 19.4 ملین بچے اور 20.4 ملین مزدور بھی شامل ہیں۔ اولیوئیر نے اقوام متحدہ کی جانب سے یہ رپورٹ مختلف ای یو انسٹیٹیوشنز کے اپنے آفیشل دورے کے اختتام پر پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کووڈ-19 نے ایسے ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے جنہوں نے پہلے کبھی بھی اپنی زندگی میں غربت کا سامنا نہیں کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے دوران ان کی ایسے لوگوں سے گفتگو ہوئی جنہوں نے پہلی مرتبہ بھوک اور غربت دیکھی۔
ان کے غریب ہونے کا پتہ اس وقت چلا جب وہ بے گھر ہوگئے۔ ان کے ساتھ صرف غربت کے باعث ہی بدسلوکی اور زیادتی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وباء کے باعث یوروپی یونین کی جانب سے 2020 تک اپنے 20 ملین شہریوں کو غربت سے باہر نکالنے کے عزم کو بڑی حد تک دھچکا لگا ہے۔
اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے نشاندہی کی کہ ایک طویل عرصے سے جاری معاشی ترقی اور روزگار میں اضافے کے باوجود اس صورتحال کا سامنے آنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہاں سماجی امداد یکساں تقسیم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے اسے سماجی انصاف کی شکست قراردیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انتہائی غربت و انسانی حقوق نے 25 نومبر سے 28 جنوری تک یورپی یونین کے بہت سے اداروں کا دورہ کرنے کے علاوہ سول سوسائٹی کی تنظیموں، تارکین وطن اور آبادی کے مختلف طبقات سے ملاقات کی اور ان سے مزید آگاہی حاصل کرنے کے بعد رپورٹ کو حتمی شکل دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔