مودی نے جاری کی کورونا سے بے سہارا ہوئے بچوں کے لیے پی ایم کیئرز سے امدادی رقم

پی ایم مودی نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اگر کسی بچے کو پروفیشنل کورس یا اعلیٰ تعلیم کے لیے قرض کی ضرورت ہے تو پی ایم کیئرز اس میں بھی مدد کرے گا۔

پی ایم مودی
پی ایم مودی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ان بچوں کے لیے پی ایم کیئرزفنڈ اسکیم کے تحت امداد جاری کی جو کورونا کے دور میں اس انفیکشن کی وجہ سے اپنے والدین یا سرپرستوں کو کھونے کی وجہ سے بے سہارا ہو گئے ہیں۔ آج اس موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم کیئرز فار چلڈرن اس بات کا عہد ہے کہ ملک کا ہرشہری انتہائی حساسیت کے ساتھ ان بچوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مطمئن ہوں کہ ایسے بچوں کی اچھی تعلیم کے لیے ان کے گھروں کے قریب ہی سرکاری یا پرائیویٹ اسکولوں میں ان کا داخلہ کرایا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اگر کسی بچے کو پروفیشنل کورس یا اعلیٰ تعلیم کے لیے قرض کی ضرورت ہے تو پی ایم کیئرز اس میں بھی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری روزمرہ ضروریات کے لیے دیگر اسکیموں کے ذریعے ان کے لیے ماہانہ 4000 روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ایسے بچے اسکول کی تعلیم مکمل کرلیں گے تو مستقبل کے خوابوں کے لیے مزید رقم کی ضرورت ہوگی۔ اس کے لیے 18 سے 23 سال کے نوجوانوں کو ہر ماہ وظیفہ ملے گا اور جب بچے 23 سال کے ہو جائیں گے تو انہیں 1000000 روپے کی یکمشت امداد دی جائے گی۔


پی ایم مودی نے کہا کہ پی ایم کیئر فار چلڈرن کے ذریعے بچوں کو آیوشمان ہیلتھ کارڈ بھی دیا جا رہا ہے۔ اس سے انہیں پانچ سال تک مفت علاج کی سہولت بھی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک پی ایم کیئرز کے ذریعے اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ کوشش کسی ایک شخص تنظیم یا حکومت کی محض کوشش نہیں ہے، ہمارے کروڑوں ہم وطنوں نے اپنی محنت اور پسینے کی کمائی پی ایم کیئرز میں دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔