مودی-نتیش قسم کسانوں کی کھاتے ہیں اور دوستی سرمایہ داروں سے نبھاتے ہیں: کانگریس

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا کا کہنا ہے کہ آج ملک بھر میں 62 کروڑ کسان، مزدور اور سینکڑوں کسان تنظیمیں زرعی بلوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، لیکن مودی-نتیش ملک کو ورغلا رہے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

کانگریس جنرل سکریٹری اور پارٹی کے میڈیا سیل انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو پٹنہ میں زرعی بلوں کو لے کر مرکزی حکومت اور حکومت بہار کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے کہا کہ مودی جی اور نتیش بابو قسم کسانوں کی کھاتے ہیں اور دوستی مٹھی بھر سرمایہ داروں سے نبھاتے ہیں۔ سرجے والا نے ریاستی کانگریس دفتر صداقت آشرم میں کہا کہ تین سیاہ قوانین کے ذریعہ سے سبز انقلاب کو شکست دینے کی یہ بی جے پی کی سازش ہے۔

بہار کانگریس کے ذریعہ چلائی جا رہی مہم 'بہار کرانتی سمیلن' میں حصہ لینے پٹنہ پہنچے سرجے والا نے کہا کہ "آج ملک بھر میں 62 کروڑ کسان، مزدور اور 250 سے زائد کسان تنظیمیں ان سیاہ قوانین کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں، لیکن پی ایم نریندر مودی جی اور جے ڈی یو حکومت ملک کو ورغلا رہے ہیں۔" انھوں نے کہا کہ نتیش کمار نے کھیتی کو برباد کرنا شروع کیا اور آج پوری طرح سے تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔


سرجے والا نے کہا کہ ملک میں کورونا، سرحد پر چین اور کھیتی پر مودی حکومت حملہ آور ہیں۔ کسان مخالف یہ تجربہ نتیش بابو کی قیادت میں سال 2006 میں بہار میں شروع کیا گیا تھا۔ سرجے والا نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ "اگر اناج منڈی، سبزی منڈی نظام یعنی اے پی ایم سی پوری طرح سے ختم ہو جائے گا، تب زرعی پیداوار خرید نظام بھی پوری طرح ختم ہو جائے گا۔ ایسے میں کسانوں کو ایم ایس پی (کم از کم حمایت قیمت) کیسے ملے گی، کہاں ملے گی اور کون دے گا؟"

کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ تینوں آرڈیننس وفاقی ڈھانچے پر سیدھے سیدھے حملہ ہیں۔ کھیتی اور منڈیاں آئین کے 7ویں شیڈیول کے تحت علاقائی اختیارات کے شعبہ میں آتے ہیں، لیکن مودی حکومت نے ریاستوں سے رائے لینا تک مناسب نہیں سمجھا۔ زراعت کا تحفظ اور فروغ فطری طور سے ریاستوں کا موضوع ہے، لیکن ان قوانین پر ان کی کوئی رائے نہیں لی گئی۔


علاوہ ازیں کانگریس لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اکھلیش سنگھ نے خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کہا کہ وبا کی آڑ میں مودی حکومت 'کسانوں کی آفت' کو 'سرمایہ داروں کے لیے موقع' کی شکل میں دستیاب کروا کر کسانوں کے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے، اسے ملک کے کسان کبھی نہیں بھولیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے حق کی لڑائی پارلیمنٹ سے شروع کر سڑکوں پر لے آئی ہے۔

اکھلیش سنگھ نے مزید کہا کہ کانگریس کسانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور اس لڑائی کو آخری دم تک لڑے گی۔ 'بہار کرانتی سمیلن' مہم کے لیے منعقد پریس کانفرنس میں کانگریس کے بہار انچارج شکتی سنگھ گوہل، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اکھلیش سنگھ اور کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا بھی موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔