آئی پی ایل کمنٹری ٹیم سے منسلک سابق آسٹریلیائی کرکٹر ڈین جونس کا انتقال

ڈین جونس آئی پی ایل کے لیے اسٹار اسپورٹس کی اس کمنٹری ٹیم کا حصہ تھے جس میں بریٹ لی، برائن لارا، گریم سوان اور اسکاٹ اسٹائرس شامل ہیں اور یہ سبھی ممبئی سے کمنٹری کر رہے ہیں۔

ڈین جونس، تصویر گیٹی ایمج
ڈین جونس، تصویر گیٹی ایمج
user

تنویر

دنیائے کرکٹ میں یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق عظیم کرکٹر ڈین جونس کا جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ 59 سالہ ڈین جونس کا انتقال ممبئی میں ہوا کیونکہ وہ آئی پی ایل کے لیے اسٹار اسپورٹس کی اس کمنٹری ٹیم کا حصہ تھے جس میں بریٹ لی، برائن لارا، گریم سوان اور اسکاٹ اسٹائرس شامل ہیں اور یہ سبھی ممبئی سے کمنٹری کر رہے ہیں۔

دراصل کورونا انفیکشن کی وجہ سے آئی پی ایل اس سال یو اے ای میں کھیلا جا رہا ہے اور اس بار اسٹار اسپورٹس نے کمنٹری کا ایک ایسا پینل تیار کیا تھا جو ممبئی میں بیٹھ کر لوگوں تک آنکھوں دیکھا حال سنائیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد ڈین جونس نے کمنٹری کے شعبہ میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی تھی اور ان کے اچانک انتقال سے ان کے شیدائیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈین جونس نے اپنے بین الاقوامی کیریر میں 52 ٹیسٹ اور 164 یک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ انھوں نے ٹیسٹ میں 46.55 کے اوسط سے رن بنائے جب کہ یک روزہ میں بھی انھوں نے 44.61 کے بہترین اوسط سے بلے بازی کی۔ ٹیسٹ میں 11 اور یک روزہ میں 7 سنچری بھی ڈین جونس کے نام ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ آسٹریلیا نے 1987 میں جب پہلا عالمی کپ جیتا تھا تو ڈین جونس اس ٹیم کا حصہ تھے۔ فائنل میچ میں انھوں نے 3 نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے 33 رن بنائے تھے۔ آسٹریلیا نے یہ خطابی میچ 7 رن سے اپنے نام کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔