جی ڈی پی زوال پذیر، یومیہ سب سے زیادہ کورونا کیسز... مگر حکومت کے لئے ’سب چنگا سی‘: راہل
راہل گاندھی نے ہفتے کے روز اپنے ٹوئٹ میں لکھا، "کووڈ 19 کے خلاف مودی حکومت کی 'منصوبہ بند جنگ' نے ہندوستان کو مصیبتوں کی کھائی میں ڈھکیل دیا
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کی تیاریوں کے حوالہ سے مودی سرکار پر ایک بار بڑا حملہ کیا ہے۔ معیشت اور روزگار میں تیز گراوٹ اور کووڈ- 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی کورونا وائرس کے خلاف 'منصوبہ بند جنگ' نے ہندوستان کو مصیبتوں کی کھائی میں ڈھکیل دیا ہے۔
راہل گاندھی نے ہفتے کے روز اپنے ٹوئٹ میں لکھا، "کووڈ 19 کے خلاف مودی حکومت کی 'منصوبہ بند جنگ' نے ہندوستان کو مصیبتوں کی کھائی میں ڈھکیل دیا، جی ڈی پی میں تاریخی 24 فیصد کی تنزلی، 12 کروڑ ملازمتیں ختم، 15.5 لاکھ کروڑ اضافی دباؤ والے قرضے اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ یومیہ کورونا کیسز اور اموات، لیکن مودی حکومت اور میڈیا کے لئے سب چنگا سی یعنی کہ سب کچھ ٹھیک ہے!’’
اس سے قبل جمعہ کے روز کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چین کے معاملے پر بھی حکومت پر حملہ بولا۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور حکومت، چین کو ہماری سرزمین سے نکالنے کی ذمہ داری لینے سے گریز کر رہی ہے۔ راہل نے ٹوئٹ کیا، ’’چین کے ساتھ بات چیت صرف مارچ 2020 کے جمود کی بحالی کے بارے میں ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم اور حکومت ہند نے چین کو ہماری سرزمین سے نکالنے کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام باتیں فضول ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔