’9 سال میں ملازمتیں چھین کر ’وشو گرو‘ بنی مودی حکومت‘، ملکارجن کھڑگے نے بڑھتی بے روزگاری پر کسا طنز
کھڑگے نے ایک ویڈیو پوسٹ کر بتایا ہے کہ ملک میں شرح بے روزگاری 45 سال کی اعلیٰ سطح پر ہے اور 20 سے 24 سال کی عمر والے طبقہ کے 63 فیصد ہندوستانی بے روزگار ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کے روز بڑھتی بے روزگاری کو لے کر مرکز کی مودی حکومت پر طنزیہ حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کے راج میں ہندوستان روزگار چھیننے میں ’وشو گرو‘ بن گیا ہے۔ کانگریس صدر کھڑگے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ 9 سال میں مرکز کی مودی حکومت کروڑوں نوجوانوں کا روزگار چھیننے میں ’وشو گرو‘ بن گئی ہے۔
کھڑگے نے اس ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے۔ ویڈیو میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں حکومت کی ناکامی کو ظاہر کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت نے ہر سال نوجوانوں کو دو کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس میں پوچھا گیا ہے کہ کیا حکومت نے ملک کے 18 کروڑ نوجوانوں کو ملازمت دی؟
ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صرف 40 فیصد نوجوان ملازمت کی تلاش میں ہیں، جبکہ 60 فیصد نوجوان دوسروں کی آمدنی پر منحصر ہیں۔ ملک میں بے روزگاری کی شرح 45 سال کی اعلیٰ سطح پر ہے اور 20 سے 24 سال کی عمر والے طبقہ کے 63 فیصد ہندوستانی بے روزگار ہیں۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سی ایم آئی ای کے سروے کے مطابق اس سال اپریل میں شرح بے روزگاری چار ماہ کی اعلیٰ سطح پر پہنچ گئی۔
کانگریس نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے ویڈیو میں الزام لگایا کہ گزشتہ 9 سالوں میں بے روزگاری دوگنی ہو گئی ہے اور ملازمتیں چھیننے میں ہندوستان ’وشو گرو‘ بن گیا ہے۔ ملک گزشتہ 9 سالوں سے بھگت رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل صبح میں کانگریس نے گزشتہ 9 سالوں میں مودی حکومت کی ناکامیوں کو ظاہرکرنے کے لیے ’9 سال، 9 سوال‘ عنوان سے ایک کتابچہ بھی جاری کیا تھا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے 9 سوال پوچھے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔