چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے لیے راہل گاندھی کو نشانہ بنا رہی مودی حکومت: کانگریس

گوا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمع محمد نے کہا کہ چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے لیے مودی حکومت راہل گاندھی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مرکز کی بی جے پی حکومت پر تلخ حملہ کرتے ہوئے کانگریس کی قومی ترجمان ڈاکٹر شمع محمد نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنے ’پرم متر‘ (عزیز دوست) اڈانی کو بچانے کے لیے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منصوبہ بند طریقے سے ختم کی گئی، حالانکہ کانگریس لوگوں کی آواز دبائے جانے کے خلاف جیت حاصل کرے گی۔

گوا میں ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شمع محمد نے کہا کہ چوروں اور گھوٹالے بازوں کو بچانے کے لیے مودی حکومت راہل گاندھی کو ہدف بنا رہی ہے۔ راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کیے جانے کو ’غیر جمہوری‘ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’وہ راہل گاندھی کو کمزور کرنے کے لیے سب کچھ کریں گے، لیکن ہم سبھی ان کے ساتھ کھڑے ہونے اور اپنی جمہوریت کو بچانے کے لیے کافی مضبوط ہیں۔‘‘


ڈاکٹر شمع نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپنی تقریر میں اڈانی میگا گھوٹالے پر سوال پوچھنے کے لیے راہل گاندھی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اڈانی سے جڑی شیل کمپنیوں میں 20 ہزار کروڑ روپے ہیں اور پوچھا تھا کہ یہ پیسہ کس کا ہے؟ انھوں نے اڈانی کے ساتھ مودی کے رشتوں پر سوال اٹھایا تھا۔ لیکن برسراقتدار طبقہ ان سوالوں پر خاموش رہا۔

ڈاکٹر شمع کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کو پارلیمنٹ میں بولنے کے موقع سے محروم کر دیا گیا تھا۔ یہ صرف اس لیے کیونکہ وہ مودی اور اڈانی کے رشتوں کو ظاہر کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو منصوبہ بند طریقے سے لوک سبھا کے لیے نااہل ٹھہرایا گیا اور اس کے پیچھے کی جلد بازی ملک کی عوام نے دیکھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔