مودی حکومت بیرون ممالک سے ملنے والی کورونا امداد کی تفصیلات شیئر کرے: کانگریس

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ، روس، سعودی عرب جیسے 40 بڑے ممالک کی طرف سے اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے ہندوستان کو بڑی تعداد میں مدد مل رہی ہے۔

کانگریس ترجمان پون کھیڑا
کانگریس ترجمان پون کھیڑا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران ہندوستان کو دنیا کے 40 سے زائدممالک سے آکسیجن اور کورونا کی دوائیں موصول ہوئی ہیں، اس کے باوجود ملک میں لوگ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مر رہے ہیں، اس لئے بیرونی امداد کی تفصیلات ملک کے سامنے پیش کی جانی چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پیر کے روز یہاں ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ، برطانیہ، روس، سعودی عرب جیسے 40 بڑے ممالک کی طرف سے اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے ہندوستان کو بڑی تعداد میں مدد مل رہی ہے۔ ان میں کورونا ویکسین سے لے کر آکسیجن اور آکسیجن تیار کرنے والے پلانٹ تک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مدد کے باوجود ہمارے پاس آکسیجن کی قلت ہے اور ویکسین دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے ٹیکہ کاری نہیں ہو رہی ہے، آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی موت کی اطلاعات ہیں۔ اس سلسلے کا تازہ ترین واقعہ کرناٹک کا ہے جہاں چامراج نگر اسپتال میں آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے 24 مریضوں کی موت ہوگئی۔


کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ غیر ملکی امداد کی تفصیلات شفاف طریقے سے فراہم کرے اور بتائے کہ کس ملک سے کتنی مدد موصول ہوئی ہے اور حکومت ہند نے اس میں سے کس ریاست کو کیا مدد بہم پہنچائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔